لاہور میں مزار اقبال پر حاضری کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا اصغرخان کیس میں فیصلہ دوٹوک اور واضح ہے، عدالت نے چند افراد کو موردالزام ٹھہراتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔ ان افراد کے خلاف آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت کارروائی ہوسکتی ہے تاہم اس کی نوعیت وزارت قانون تجویزکرے گی۔ گورنرپنجاب نے کہا کہ انتخابی عمل کو گندا کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے، اس سے منتخب جماعت کا راستہ روکا گیا۔ انیس سو نوے میں بننے والی حکومت غیرقانونی اورغیرآئینی تھی جس کے احکامات بھی غیرقانونی تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ علامہ اقبال کے فلسفے پر عمل کرکے ملک کو مضبوط بنایاجاسکتاہے۔ اس سے قبل انہوں نے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کے بعد اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔