علامہ اقبالؒ کا 136واں یوم ولادت آج منایا جائیگا، صدر، وزیراعظم کے پیغامات

لاہور+ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ ایجنسیاں) شاعر مشرق، مفکر پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کا 136واں یوم ولادت (آج) ہفتہ 9 نومبر کو لاہور سمیت ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ یوم اقبال منانے کیلئے سیاسی و سماجی تنظیمیں تقریبات اور سیمینار منعقد کرینگی جبکہ علامہ اقبالؒ کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کی محافل بھی ہونگی۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں مزار اقبالؒ پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب بھی ہو گی۔ علاوہ ازیں اس موقع پر صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے علیحدہ علیحدہ پیغام میں پوری قوم پر زور دیا ہے کہ وہ آپسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے وطن عزیز کو ہر قسم کی برائیوں سے پاک رکھیں اور علامہ اقبال کے تصور کے مطابق پاکستان کو ایک ترقی یافتہ اسلامی فلاحی ریاست کے طور پر اقوام عالم میں روشناس کرائیں۔ دونوں رہنمائوں نے کہا کہ وطن عزیز کو ایک اسلامی فلاحی ریاست کے طور پر ترقی دیں گے۔ صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ برصغیر کے ایک عظیم رہنما کے طور پر علامہ اقبالؒ کی خدمات کے لئے پاکستانی قوم ہمیشہ ان کی احسان مند رہے گی۔ علامہ اقبالؒ نے خطبہ الہ آباد میں تصور پاکستان پیش کرکے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی کی نئی آس اور امنگ پیدا کی اور ایک مشترکہ منزل کی نشاندہی کی۔ وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبالؒ نے ہمیشہ مسلمانوں کو آپس میں اتحاد اور اتفاق کی تلقین کی اور ان کو دعوت عمل دی۔ ان کے زندہ جاوید نظریات ا ور افکار مسلمانوں کیلئے تاقیامت مشعل راہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ہم آپس کے تمام اختلافات سے بالاتر ہوکر وطن عزیز کو ہر قسم کی برائیوں سے پاک کریں اور علامہ اقبالؒ کے تصورات کے مطابق پاکستان کو ایک ترقی یافتہ اسلامی فلاحی ریاست کے طور پر اقوام عالم میں روشناس کرائیں۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...