اسلام آباد (سہیل عبدالناصر) سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی کی امریکہ میں بطور سفیر تقرری کے بعد آئندہ چند روز کے اندر دفتر خارجہ اور بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں میں مزید تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ یہ روایت تو پہلے ہی ٹوٹ چکی ہے کہ چین میں پاکستان کے سفیر کو ملک کا خارجہ سیکرٹری مقرر کیا جاتا ہے۔ جلیل عباس جیلانی برسلز میں پاکستان کے سفیر تھے جب انہیں خارجہ سیکرٹری مقرر کیا گیا کیونکہ اس وقت بیجنگ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان ریٹائرمنٹ کی عمر کو پہنچ چکے تھے۔ اب بظاہر ایک نئی روایت کی داغ بیل ڈالی جا رہی ہے کہ یورپ میں متعین پاکستاں سفارتکار کو ملک کا نیا خارجہ سیکرٹری مقرر کیا جائے۔ جلیل عباس جیلانی کے بعد باور کیا جاتا ہے کہ جرمنی میں پاکستان کے سفیر عبدالباسط نئے خارجہ سیکرٹری ہوں گے۔ بیجنگ میں پاکستانی سفیر کے خارجہ سیکرٹری بننے کا اسلئے امکان نہیں کہ مسعود خالد کو اسی سال جنوری میں ملائیشیا سے تبدیل کر کے بیجنگ بھجوایا گیا تھا۔ مشرق بعید میں انکے تجربہ سے استفادہ کیلئے انہیں چین میں سفیر بنایا گیا تھا۔ واشنگٹن میں نئے سفیر کی تو تقرری ہوگئی ہے لیکن لندن جیسا اہم سٹیشن اب بھی نئے ہائی کمشنر سے محروم ہے۔ پیپلز پارٹی کے مقرر کردہ ہائی کمشنر واجد شمس الحسن نے حکومت کی تبدیلی کے بعد استعفیٰ دیدیا تھا تاہم انہیں نئے ہائی کمشنر کی تقرری تک کام جاری رکھنے کا کہا گیا تھا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق سینیٹر طارق عظیم کو اس منصب کیلئے اہم امیدوار تصور کیا جا رہا ہے۔
دفتر خارجہ اور بیرون ملک سفارتخانوں میں جلد متعدد تبدیلیاں ہونگی
Nov 09, 2013