لاہور (خصوصی رپورٹر) شاعر مشرق‘ حکیم الامت‘ مفکر پاکستان حضرت علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ کے 136ویں یوم ولادت کے سلسلے میں نظریۂ پاکستان ٹرسٹ‘ تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ اور بزم اقبالؒ کے عہدیداران و کارکنان نے تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن‘ ممتاز صحافی اور چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ ڈاکٹر مجید نظامی کی قیادت میں کارکنان تحریک پاکستان کے ساتھ مزارِ اقبالؒ پر حاضری دی۔ انہوں نے مزار پر پھول چڑھائے اور علامہ محمد اقبالؒ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد، کرنل (ر) اکرام اللہ خان، علامہ احمد علی قصوری، ڈاکٹر اجمل نیازی، پروفیسر محمد حنیف شاہد، بیگم صفیہ اسحاق، انجینئر محمد طفیل ملک، مولانا محمد شفیع جوش، عبدالکریم خان آسی، چوہدری ریاض احمد، شفیق رضا قادری، نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید، گورنمنٹ مسلم لیگ ہائی سکول ایمپریس روڈ لاہور کے طلبہ سمیت حکیم الامت سے اظہار عقیدت کیلئے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد موجود تھی۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے علامہ محمد اقبالؒ کی روح کے ایصال ثواب اور بلندیٔ درجات کیلئے فاتحہ خوانی اور ملکی تعمیر وترقی کیلئے خصوصی دعا کی۔ معروف نعت خواں الحاج اختر حسین قریشی نے خوبصورت انداز میں کلام اقبالؒ پیش کیا۔