صحابہ کرامؓ کی زندگیوں کو مشعل راہ بنانے میں ہی دنیا و آخرت کی کامیابی ہے: علما

رائے ونڈ (نامہ نگار) رائیونڈ میں منعقدہ سالانہ عالمی اسلامی تبلیغی اجتماع کے دوسرے مرحلے میں پہلے روز جمعہ کے دن تبلیغی مرکز رائیونڈ کے خطیب و امام مولانا محمد معاذ نے جمعہ کا خطبہ دیا اور نماز جمعہ کی امامت کی۔ جمعہ کے بعد مولانا فاروق احمد، مولانا محمد سعد، مولانا احمد حسان نے اپنے بیانات میں محرم الحرام کی فضیلت اور صحابہ کرامؓ کی زندگیوں پر روشنی ڈالی اور صحابہ کرامؓ کی دین کے لئے دی گئی قربانیوں کا فلسفہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ صحابہ کرام ؓکی زندگیوں کو مشعل راہ بنانے میں ہی دنیا و آخرت کی کامیابی ہے ،جب تک امت مذہبی ہم آہنگی پیدا کرکے اتفاق و اتحاد قائم نہیں کرتی، باطل یونہی غالب رہے گا، انہوں نے کہا کہ محرم الحرام اخوت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، حضرت امام حسینؑ کا صبر شکر اور رضاء الٰہی انسانوں کیلئے علم و عرفان کا مینار ہے، حضرت عمر فاروقؓ کا دور خلافت اسلامی تاریخ کا درخشندہ دور تھے، جس میں عدل و انصاف عوامی فلاح و بہبود اور اشاعت اسلام کیلئے نمایاں کارنامے انجام دئیے تھے لیکن آج کے دور میں اس کا شدید فقدان ہے ،مسلمان اپنے کمزور ایمان کی وجہ سے در بدر دھکے کھانے میں اپنی عزت تلاش کر رہا ہے، مسلمان حکمرانوں اور امت کوجلد اپنا قبلہ درست کرنا ہو گا، انہوں نے مزید کہا کہ دعوت و تبلیغ کے عمل سے پوری دنیا میں غلبہ اسلام ہو گا، اخلاص اور اخلاق سے دین الٰہی کو بنی نوع انسان تک پہنچانا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے، عملوں کا دارومدار نیتوں پر ہے، نیت ٹھیک ہو جائے تو اسلامی شعائر کے مطابق ساری دنیا میں امن کی فضا پیدا ہو سکتی ہے، علما نے اپنے بیانات میں کہا کہ مسلم اُمہ کی غفلت کی وجہ سے اپنے اور بیگانے بے راہ روی کا شکار ہو گئے ہیں، اللہ تعالیٰ کی ذات مبارکہ کے ساتھ شرک عام ہو رہا ہے، دین محمدیؐ پر عمل پیرا ہونے کی بجائے اغیار کے نقش قدم پر چلنے کی روش پروان چڑھ رہی ہے اور اللہ تعالیٰ پر توکل کمزور ہو رہا ہے، اللہ کا پسندیدہ دین اسلام ہے اور اس پر عمل کرنے والوں اور دین کی سمجھ رکھنے والوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے احکامات اور نبی اکرمؐ کے پیارے طریقوں کو پوری انسانیت تک پہنچائیں۔ جو مسلمان دین محمدی کی آبیاری کیلئے کام کر رہے ہیں وہ دنیا اور آخرت میں کامیابیوں سے ہمکنار ہوں گے اور جو مسلمان دنیا کی آسائشوں اور رنگینیوں میں گم ہو کر تبلیغ کے مشن کو اپنانے سے گریز کر رہے ہیں انہیں دعوت کے کام پر لگانا ہمار ے فرائض میں شامل ہے تاکہ انسانیت ہدایت کے راستے پر چل نکلے اور ان کے مقدر سے محرومیاں ختم ہو جائیں۔ جمعرات کو ہونے والی موسلا دھار بارش بھی تبلیغی جماعت کے کارکنوں کے ارادے پست نہ کر سکی، ہزاروں کی تعداد میں واپس لوٹ جانے والے مندوبین جمعہ کی دوپہر تک واپس لوٹ آئے، مجمع پہلے سے زیادہ پر ہجوم ہو گیا، اس حوالے سے امیر جماعت حاجی عبدالوہاب نے کہا کہ اللہ اپنے نیک بندوں کا اسی طرح سے امتحان لیتا ہے اور جو ثابت قدم رہیں کامیابی اسی کے حصے میں آتی ہے، گذشتہ روز شدید بارش کے بعد ہزاروں تبلیغی ورکروں نے پنڈال سے بارش کا پانی نکال کر دوبارہ قابل استعمال بنادیا جس کے بعد اجتماع معمول کے مطابق جاری ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...