باڑہ : چیک پوسٹ پر حملہ‘ 17 دہشت گرد ہلاک : وادی تیراہ‘ جھڑپ‘ تین رضا کار جاں بحق‘ لوئر دیر : خودکش حملہ آور مارا گیا‘ تین اہلکار زخمی

خیبر ایجنسی+ لوئر دیر (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) خیبر ایجنسی میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ فورسز کی کارروائی میں 17 دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 60 سے زائد دہشت گردوں نے سپن قمر کے علاقے میں چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا۔ ایک سینئر اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا کہ ہلاک ہونیوالوں کا تعلق لشکر اسلام اور تحریک طالبان سے ہے۔ دہشت گردوں کے ساتھی نعشیں چھوڑ کر فرار ہوگئے جنہیں شناخت کیلئے مقامی انتظامیہ کے سپرد کردیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ آپریشن خیبر 2 نے خیبر ایجنسی میں دہشت گردوں کے قدم اکھاڑ دئیے ہیں۔ دہشت گرد خیبر ایجنسی کو متبادل پناہ گاہ بنانے کے بعد بھی بچ نہیں سکے۔ آپریشن ضرب عضب سے دہشت گردوں کو شدید نقصان پہنچا، دہشت گرد بھاگ رہے ہیں۔ انکے متبادل ٹھکانے بھی تباہ کئے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب وادی تیراہ میں جھڑپ میں امن لشکر کے تین رضاکار جاںبحق ہو گئے۔ لوئر دیر میں فورسز نے بروقت کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد کو ہلاک کرکے خودکش حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی میں 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔ ادھر تحریک طالبان، جماعت الحرار گروپ نے جمعہ کے روز مہمند ایجنسی میں بم دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرلی۔ لوئر دیر میں مرنے والے دہشت گرد کے قبضے سے تین خودکش جیکٹس، بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ دہشت گرد کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ باڑہ میں آپریشن ’خیبر ون‘ کی وجہ سے مختلف علاقوں سے لوگوں کی نقل مکانی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ ایف ڈی ایم اے کے ترجمان نے بتایا کہ اب تک باڑہ اور اردگرد کے علاقوں سے دو لاکھ 70 ہزار افراد نے مختلف علاقوں میں پناہ لی ہے۔
آپریشن ضرب عضب



ای پیپر دی نیشن