اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) معروف دانشور، حافظ اقبال اور شاعر سرجیت سنگھ لانبہ نے کہا ہے اقبال شاعر انسانیت ہیں، شاعر کائنات ہیں، انکا پیغام آفاقی ہے، وہ محبت ہی محبت تھے، امن کے پیغام بر تھے اور اخوت کے پرچارک تھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نئی دہلی سے ٹیلیفون پر یوم ولادت پر اپنے پیغام میں کہا، سرجیت سنگھ لانبہ ہر سال باقاعدگی سے یوم اقبال کی تقریب میں شرکت کرتے ہیں مگر اس برس طبیعت کی ناسازی کے باعث نہیں آسکے، لانبہ جی نعت کے خوبصورت شاعر ہونے کے ساتھ ’قرآن ناطق‘ جیسی بے مثال کتاب کے مصنف بھی ہیں۔ انہوں نے اقبال کی نظم شکوہ جواب شکوہ کا ہندی اور انگریزی میں ترجمہ بھی کیا ہے۔ لانبہ جی نے تمام پاکستانیوں کو محبت کا پیغام دیا اور سلام بھی کیا۔
سرجیت سنگھ لانبہ
اقبال شاعر انسانیت ہیں: بھارتی دانشور سرجیت سنگھ لانبہ کا یوم ولادت پر پیغام‘ پاکستانیوں کو سلام
Nov 09, 2014