سندھ سے 12 ارب کا وعدہ نہیں کیا: وفاقی حکومت، وزیراعظم صوبہ کے مسائل محسوس کریں: پیپلز پارٹی

Nov 09, 2015

اسلام آباد+ کراچی (آن لائن) وفاقی حکومت نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے دعوئوں کی تردید کر دی۔ ترجمان وزارت خزانہ کے مطابق وزیراعظم نے دہشت گردوں کیخلاف جنگ میں سندھ کیلئے کسی پیکیج کا اعلان نہیں کیا۔ رینجرز کراچی میں تعینات کی گئی اس کے اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرتی ہے۔ وزیراعظم نے 12 ارب کا اعلان کیا ہی نہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ کے فور منصوبے کیلئے سندھ حکومت نے کوئی پیسے نہیں دیئے۔ وفاقی حکومت 2 ارب 20 کروڑ جاری کر چکی ہے۔ سندھ اینگرو پاور منصوبے کے حوالے سے بھی وزیراعلیٰ سندھ کے دعوے میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ دریں اثناء پیپلز پارٹی کے ارکان صوبائی اسمبلی میر نادر علی مگسی، مخدوم جمیل الزماں،خورشید احمد جونیجو اور سلیم رضا جلبانی نے ترجمان وزیراعظم کے بیان کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ موصوف کو چاہئے کہ وہ نوازشریف کو بتائیں کہ وہ صرف لاہور کے وزیراعظم نہیں بلکہ وہ پورے پاکستان کے وزیراعظم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو چاہئے کہ وہ سندھ حکومت کا ساتھ دے اور سندھ کو احساس محرومی کی جانب دھکیلنے کے بجائے جو وعدے اور جو سندھ کا حق ہے اسے ادا کریں۔ وزیراعظم تمام وسائل اورنج ٹرین، جنگلا بس اور بیرون ملک سیرسپاٹے پر خرچ نہ کریں بلکہ سندھ کے مسائل بھی محسوس کریں۔

مزیدخبریں