لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ نااہل حکمرانوں نے غیرمتنازعہ یوم اقبال پر ڈیڑھ اینٹ کی الگ مسجد تعمیر کر کے قوم کو تقسیم کر دیا۔ حکیم الامت ڈاکٹر محمد اقبال کا فلسفہ خودی غلامی کی ہر شکل سے نجات کا نسخہ کیمیا ہے۔ ظالم نظام کی تبدیلی استحصال اور ناانصافی کے خاتمے کیلئے نوجوان فکر اقبال سے رہنمائی لیں۔ حکیم الامت اغیار کی کاسہ لیسی سے نجات اور باوقار قوم کی تشکیل کیلئے نوجوانوں کو علم کے زیور سے آراستہ دیکھنا چاہتے تھے۔ وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبیؐ کے موقع پر بیرون ملک سے ویڈیو لنک پر خطاب کر رہے تھے۔ سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ پاکستان ایماندار، مخلص اور اعلیٰ تعلیمم یافتہ قیادت کے باعث آزاد ہوا جبکہ نااہل، کرپٹ اور جاہل قیادت نے اسے معاشی غلامی کی زنجیروں میں جکڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال ایک سچے عاشق رسول تھے۔