کراچی(سٹاف رپورٹر + این این آئی + نوائے وقت رپورٹ)پاک بحریہ کی اہم جنگی مشقیں سی سپارک 2015 جاری ہیں۔ نیول چیف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کہا ہے کہ پاک بحریہ گوادر پورٹ کو ہر طرح کے خطرات سے تحفظ فراہم کرے گی۔ گوادر پاک چین اقتصادی راہداری کا محور ہے اور بین الاقوامی منڈیوں سے ملانے والے بحری راستے پاک چین اقتصادی راہداری کی توسیع ہیں۔ چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے پاک بحریہ کی جاری جنگی مشق سی سپارک 2015 میں مکران کی ساحلی پٹی پر قائم نیول یونٹس کا دورہ کیا۔ انہوں نے اگلے مورچوں میں جاری آپریشنل سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ نیول چیف نے خطاب میں کہا کہ پاک بحریہ اہم ترین بحری تجارتی راستوں کی حفاظت و دفاع کیلئے پوری طرح مستعد ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق بحری مشقوں اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے چیف آف دی نیول سٹاف نے پاکستان بھارت سرحدی علاقے سر کریک کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر ایڈمرل ذکاء اللہ نے کہا کہ پاکستان کی ان حساس بحری سرحدوں کا دفاع بے لوث لگن اور اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار کا متقاضی ہے۔ حساس سرحدی علاقوں کے دفاع کیلئے پا ک بحریہ کی آپریشنل تیاریاں قابل اطمینان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے قیمتی میری ٹائم اثاثوں کی حفاظت اور انتہائی اہم علاقوں کے دفاع میں پاکستان نیوی ہر لمحہ مستعد ہے۔ سر کریک ایریاکے دفاع کیلئے تعینات پاک بحریہ کے دستوں کا پیشہ ورانہ معیار بلند اور لگن بے مثال ہے۔ حربی مظاہرے کے دوران زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل اور ریڈار سے کنٹرول کی جانے والی گنز سے اہداف کو نشانہ بنایا گیا اور پاک میرینز نے ایئر ڈیفنس ویپن سسٹمز کی لائیو فائرنگ کی ۔ پاکستان نیوی کی سب سے بڑی جنگی مشقیں سی سپارک 2015 ، 12 نومبر تک جاری رہیں گی۔
بحری تجارتی راستوں کی حفاظت اور دفاع کیلئے مستعد ہیں: ایڈمرل ذکاء اللہ
Nov 09, 2015