عوام مذہب کے نام پر سیاسی ایجنڈا مسلط کرنیوالوں کی مزاحمت کریں: زرداری

Nov 09, 2015

اسلام آباد(آن لائن) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کی 138ویں یوم پیدائش پر اپنے ایک پیغام میں انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک شاعر اور فلسفی کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے اچھا طریقہ یہ ہے کہ ہم اس عہد کا اعادہ کریں کہ کسی کو اس کا سیاسی ایجنڈا ہم پر مسلط کرنے اور تشدد پر اکسانے کیلئے مذہب کا نام استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ علامہ اقبال اس بات پر یقین رکھتے تھے کہ مذہب کی تشریح کرنے پر کسی کی اجارہ داری نہیں کیونکہ مذہب ایک متحرک قوت ہوتی ہے جس کی تشریح مسلسل ہوتی رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کی تشریح علامہ اقبالؒ کی تعلیمات کے مطابق کرتے ہوئے خوف نہیں کھانا چاہیے۔ آصف علی زرداری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور ان لوگوں کی مزاحمت کریں جو مذہب کے نام پر اپنا سیاسی ایجنڈا مسلط کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے علامہ اقبالؒ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک علیحدہ وطن کا وژن پیش کیا بلکہ لوگوں کو یہ ہمت بھی دی کہ وہ مذہب کے درست پیغام کو سمجھنے کیلئے سوالات کریں۔
زرداری

مزیدخبریں