اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ آئی این پی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کھاریاں کے قریب فوجی دستوں کے ساتھ رات گزاری۔ انہوں نے رات اور سورج طلوع ہونے سے پہلے کے اوقات میں فوجی مشقیں ملاحظہ کیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ سنٹرل کمانڈ کی فیلڈ مشقیں ہیں جن کا مقصد پیدل اور مشینی دستوں کی مدد سے تازہ ترین آپریشنل مقاصد کے حصول کی تیاریوں کو جانچنا تھا۔ ان مشقوں کی خاص بات یہ ہے کہ پہلی بار فوجی مشقوں میں ڈیجیٹل کنٹرول روم استعمال کئے گئے اور ایس ایس جی کے دستوں نے فری فال کے مظاہرے کئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ ان فیلڈ مشقوں نے حربی تیاریوں کو جانچنے کے مقاصد حاصل کر لئے ہیں۔ ان مشقوں کی کامیاب تکمیل نے حربی تیاریوں پر ہمارے اعتماد کو بڑھایا ہے۔ ان فوجی تیاریوں اور آپریشنل منصوبوں کو جدید ترین مواصلات اور سائبر نظام کے ساتھ منسلک کرنے کے ردعمل کے وقت کو کم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن یاد رکھے اگرچہ ہم ملک کے اندر مغربی سرحد پر انسداد دہشتگردی کی مہم میں مصروف ہیں لیکن دشمن کی کسی بھی مہم جوئی اور سٹرٹیجک غلط فہمی سے نمٹنے کیلئے ہم نے خود کو تیار رکھا ہے۔ انہوں نے کہا ہماری جواں مردی، عزم اور لگن کی عالمی سطح پر تعریف کی جاتی ہے۔ انہوں نے ہمہ وقت تیاری کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے جوانوں اور افسروں کے مورال کو سراہا۔ آئی این پی کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا دشمن جان لئے ہم مغربی سرحد کی حفاظت کے لیے تیار ہیں، دشمن کو سٹرٹیجک غلطی کا بھرپور جواب دیا جائے گا، مشکل وقت کے باوجود ہماری صلاحیتوں کو پوری دنیا میں تسلیم کیا جاتا ہے، مشکل صورتحال کے باوجود ہمارے عزم کو پوری دنیا میں تسلیم کیا جا رہا ہے، فوجی مشق سے حربی تیاریوں سے متعلق ہمارا اعتماد بڑھا ہے۔ جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ مسلح افواج دشمن کو بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہیں، دشمن کو سٹرٹیجک غلطی کا بھرپور جواب دیا جائے گا، مشکل صورتحال کے باوجود ہمارے عزم کو پوری دنیا میں تسلیم کیا جا رہا ہے، دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا جواب دنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فوجی مشقوں نے مطلوبہ اہداف حاصل کر لیے دشمن جان لے ہم بالخصوص مغربی سرحد کی حفاظت کے لیے تیار ہیں، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ہماری خودانحصاری میں اضافہ ہوا۔
دہشت گردی کے خلاف لڑ رہے ہیں، دشمن جان لے سٹریٹجک غلطی کی تو بھرپور جواب دیں گے: آرمی چیف
Nov 09, 2016