کوئٹہ(صباح نیوز) سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کوئٹہ میں تمام تعلیمی ادارے ایک ہفتے کیلئے بند کرنے کی ہدایت دی گئی۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مخصوص تعلیمی اداروں کو دہشت گردوں کی جانب سے نشانہ بنایا جاسکتا ہے اس لئے تمام تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں ایک ہفتے کیلئے معطل کردی جائیں۔ڈی ای او کوئٹہ کی جانب سے تعلیمی اداروں کو بھجوائے گئے مراسلے میں ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ امن و امان کی خراب صورتحال کے پیش نظر سکولوں کی سکیورٹی ناگزیر ہے، اس لئے سکولوں کی حفاظت پر مامور اہلکار اردگرد کے ماحول پر نظر رکھیں اور بغیر شناخت کسی بھی شخص کو سکول میں داخل نہ ہونے دیا جائے, سکول میں داخل ہونے کے بعد کسی بھی طالب علم کو باہر جانے کی اجازت نہ دی جائے۔دوسری جانب کیتھولک بورڈ آف ایجوکیشن نے بھی تمام تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا اعلان کردیا ہے جبکہ آئی ٹی اور ویمن یونیورسٹی کی انتظامیہ کے مطابق تدریسی عمل کو جزوی معطل کردیا گیا ہے اسی لئے طلبہ و طالبات کیلئے یونیورسٹی بسیں نہیں چلائی گئیں۔