وفاقی حکومت نے سندھ کے گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان کو سبکدوش کر کے نیا گورنر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے صدر مملکت ممنون حسین کے ساتھ ملاقات کی جس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کو تبدیل کرنے کے معاملہ پر مشاورت کی گئی۔ انہیں تبدیل کر کے سپریم کورٹ آف پاکستان کے سابق چیف جسٹس سعید الزمان صدیقی کو نیا گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ دریں اثناءجسٹس ریٹائرڈ سعید الزمان صدیقی نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ وزیراعظم نے ان کے ساتھ ایک روز قبل گفتگو کی تھی۔ اگر وفاقی حکومت نے گورنر سندھ کا منصب دیا تو وہ اسے قبول کر لیں گے۔ صوبے میں امن و ا مان کا قیام اولین ترجیح ہو گی۔ چیف جسٹس ریٹائرڈ سعید الزمان صدیقی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی حیثیت سے آصف علی زرداری کے مقابلہ میں صدر کے منصب کا انتخاب بھی لڑ چکے ہیں۔ وزیراعظم ہاؤس کے ذرائع سے جب اس سلسلہ میں استفسار کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ابھی تک نوٹیفکیشن نہیں ہوا ہے۔ تاہم وہ اس کی تردید نہیں کر رہے ہیں۔ وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق نے گورنر کی تبدیلی کی تصدیق کے بعد کہا کہ گورنر کی تعیناتی کے لئے جن لوگوں سے مشاورت کرنا ہوتی ہے وہ کرے گی۔ تعیناتی قانون اور آئین کے مطابق کی جا رہی ہے۔ سندھ کے مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ گورنر سندھ کی تبدیلی اور جسٹس سعید الزمان صدیقی کی تعیناتی کے بارے میں کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔ سعید الزمان صدیقی نے سابق صدر پرویز مشرف کے پہلے پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کر دیا تھا۔ آئی این پی کے مطابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے وزیراعظم نواز شریف نے استعفٰی طلب کر لیا ہے جبکہ استعفٰی موصول ہونے پر صدر مملکت ممنون حسین استعفے کی منظوری دیں گے جس کے بعد جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کو باضابطہ گورنر نامزد کر دیا جائے گا۔ سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ نئے گورنر سے حلف لیں گے۔ دریں اثناءوفاقی حکومت کی جانب سے گورنر سندھ کی تبدیلی کے فیصلے سے عشرت العباد بھی لاعلم نکلے، ان کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ کی تبدیلی کے حوالے سے اسلام آباد نے ابھی تک آگاہ نہیں کیا۔ عشرت العباد نے کہا کہ گورنر کی تبدیلی وفاقی حکومت کا استحقاق ہے، وہ جو مرضی فیصلہ کرے قبول ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ کے عہدے پر رہتے ہوئے ہمیشہ کراچی کے امن اور سندھ کے مفاد کے لیے کام کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گورنر نہ بھی رہا تو کراچی کے امن کے لیے کام کرتا رہوں گا۔