دمشق(این این آئی)شامی صدر بشارالاسد نے کہا ہے کہ شام میں جاری جنگ دیرالزور صوبے میں شدت پسندوں کی شکست پر ختم نہیں ہوئی۔ شامی فورسز نے یہ صوبہ چند روز قبل داعش کے قبضے سے آزاد کرایا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بشارالاسد کی جانب سے یہ بیان ان کی ایرانی خارجہ پالیسی کے مشیر علی اکبر ولایتی سے ملاقات کے بعد سامنے آیا۔ ولایتی ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر ہیں۔شامی صدر نے عندیہ دیا کہ ان کی افواج امریکی حمایت یافتہ سیریئن ڈیموکریٹک فورسز تک یہ جنگ پھیلا سکتی ہیں۔ یہ بات اہم ہے کہ دیرالزور صوبے کا قریب ایک چوتھائی حصہ ایس ڈی ایف کے قبضے میں ہے۔ شامی صدر نے کہا کہ یہ جنگ ملک کو کم زور اور منقسم کرنے والوں کے خلاف ہے اور اس حوالے سے تمام فورسز کے خلاف لڑائی لڑی جائے گی۔