اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وفاقی کابینہ نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کو زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ اور ہائوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن لمیٹڈ کے حصص حاصل کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس بدھ کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وزیراعظم آفس میں ہوا۔ وفاقی کابینہ نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کو زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ اور ہائوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن لمیٹڈ کے حصص حاصل کرنے کی منظوری دی۔ اس انتظام سے زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ اور ہائوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کی جانب سے سٹیٹ بینک آف پاکستان سے حاصل کئے گئے قرضوں کا مسئلہ حل کرنے میں مدد ملے گی۔ وفاقی کابینہ میں وفاق، تمام صوبائی حکومتوں اور ضلعی حکام کے مالی سال 2010-11 سے 2013-14ء کیلئے مشترکہ مالی سٹیٹمنٹس بھی منظوری کیلئے پیش کی گئیں۔ اجلاس میں ڈاکٹر رتھ یفائو کے اعزاز میں 50 روپے مالیت کے 50 ہزار یادگاری سکے جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے پی آئی اے سی ایل میں فریال جمعہ کو تبدیل کر کے حق نواز کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ممبر تعینات کرنے کی تجویز کی منظوری دی۔ اجلاس میں پاکستان آرڈیننس فیکٹریز بورڈ میں ڈائریکٹر انڈسٹریل اینڈ کمرشل ریلیشن (ڈی آئی سی آر) تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے چیف رپورٹر نوائے وقت نواز رضا اور منیجنگ ڈائریکٹر جنگ سرمد علی کو ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا پرائیویٹ ممبرز تعینات کرنے کی تجویز سے اتفاق کیا۔ اجلاس میں ایپلٹ ٹربیونل ان لینڈ ریونیو میں اکائونٹ ممبران کے طور پر ان لینڈ ریونیو سروس کے 4 افسران کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے محمد اعظم کو تین سال کی مدت کیلئے ڈائریکٹر جنرل ہائیڈرو کاربن ڈویلپمنٹ انسٹیٹیوٹ آف پاکستان (ایچ آئی ڈی پی) تعینات کرنے کی منظوری دی۔ اجلاس میں وزارت قومی ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کی زیادہ سے زیادہ ریٹیل قیمتوں سے متعلق پیش کی گئی تجاویز پر اصولی اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی الجیریا کی حکومت اور حکومت پاکستان کے درمیان فنی اور پیشہ وارانہ تربیت کے شعبہ میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے ریئر ایڈمرل جمیل اختر ایچ آئی (ایم) کو تین سال کیلئے چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ تعینات کرنے کی منظوری دی۔ اجلاس میں مسٹر نعیم وائی زمیندار کو سرمایہ کاری بورڈ کا چیئرمین تعینات کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔