اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سینٹ کی سپیشل کمیٹی نے فیڈرل پبلک سروسز کمشن میں غیرمتعلقہ حکام اور ماہرین کی عدم موجودگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فیڈرل پبلک سروس کمشن کو ہر شعبے میں متعلقہ ماہرین کو ہی بھرتی کرنے کی ہدایت کر دی۔ کمیٹی نے فیڈرل پبلک سروسز کمشن حکام سے بھارت‘ کینیڈا‘ برطانیہ اور امریکہ میں بھرتی کا طریقہ کار آئندہ اجلاس میں طلب کر لیا۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر سید مظفر حسین شاہ نے کہا کہ فیڈرل پبلک سروسز کمشن میں تین سال سے پرائیویٹ سیکٹر سے ممبر ہی نہیں‘ آئندہ کمشن بھرتی کرتے وقت مخصوص وزارتوں میں اس کے ماہرین کو بھرتی کرے‘ بھرتی جس شعبے کی ضرورت ہے اس سے متعلقہ ماہر لئے جائیں جنرل گروپ سے نہیں۔بدھ کو سینٹ کی سپیشل کمیٹی کا اجلاس سید مظفر حسین شاہ کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینیٹر محسن خان لغاری ‘ سینیٹر سعود مجید‘ سینیٹر پیر کبیر احمد شاہی‘ سینیٹر دائود خان اچکزئی‘ سینیٹر کرنل (ر) طاہر حسین مشہدی کے علاوہ فیڈرل سروسز کمیشن کے حکام کے علاوہ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ نے شرکت کی۔