اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ٹیلی فون کیا اور ان سے افغانستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستانی سفارتی اہلکار نیئر اقبال رانا کے قتل کے واقعہ پر اظہار تعزیت کیا۔ وزیراعظم نے افغان صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام جلال آباد میں پاکستانی سفارتی اہلکار کے واقعہ کے باعث بہت افسردہ ہیں۔ انہوں نے ٹیلی فون کال پر افغان صدر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان توقع رکھتا ہے کہ افغان حکومت اس قتل میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے فوری اقدامات کرے گی۔ انہوں نے اس واقعہ کی مکمل تفتیش پر زور دیا تاکہ اس کے پس پردہ قوتوں کو بے نقاب کیا جا سکے۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لئے تسلسل سے رابطے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے واقعہ میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کے لئے افغان حکومت کے اب تک کے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سفارت کاروں اور سفارتی عمارات کے حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کیا جائے۔ افغانستان کے صدر نے یقین دہانی کرائی کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات ہو گی اور ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ افغانستان میں موجود پاکستانی سفارت کاروں اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔
افغان صدر کا وزیراعظم شاہد خاقان کو فون‘ سفارتکار کےقتل پر تعزیت
Nov 09, 2017