شجاع خانزادہ خود کش حملہ کیس میں ایک گواہ، دیگر کیسز میں 12گواہان کے بیان قلمبند

Nov 09, 2017

راولپنڈی(نیوزرپورٹر)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج سلیمان بیگ نے سابق صوبائی وزیر کرنل (ر) شجاع خانزادہ خود کش حملہ کیس میں ایک گواہ کا بیان قلمبند کرکے سماعت مزید کارروائی کیلئے 22نومبر تک ملتوی کر دی ۔جبکہ دیگر مختلف کیسز میں 12گواہان کے بیان قلمبندکرکے مزید کو سمن جاری کر دیئے ۔بدھ کوانسداد دہشت گردی فورس حکام نے کالعدم تنظیم کے مرکزی کارکن قاسم معاویہ کو انتہائی سخت حفاظتی اقدامات میں عدالت میں پیش کیا، عدالت نے کیس کی سماعت کے دوران ایک گواہ کا بیان قلمبند کرلیا اور مزید گواہان کو نوٹس جاری کرکے طلب کرلیا ملزم پر الزام ہے کہ وہ صوبائی وزیر پر ہونے والے خودکش حملہ میں ملوث ہے اور دیگر ملزمان اس کے ساتھ تھے۔ دیگر کیسز میں عدالت نے تھانہ گوجر خان میں درج پولیس مقابلے کے مقدمے میں ملوث ملزم ریاض کیس میں 2گواہان کے بیان قلمبند کرکے سماعت 23نومبر،تھانہ چوٹالہ میں درج پولیس مقابلے کے مقدمے میں ملوث ملزمان مسماۃ سکینہ بی بی وغیرہ کیس میں 3گواہان کے بیان قلمبند کرکے سماعت 22نومبر، تھانہ کہوٹہ میں درج پولیس مقابلے کے مقدمے میں ملوث ملزمان عمر کیانی وغیرہ کیس میں 1گواہ کا بیان قلمبند کرکے سماعت 22نومبر، تھانہ سی ٹی ڈی میں درج بارودبرآمدگی کے مقدمے میں ملوث ملزم زرمحمد کیس میں 1گواہ کا بیان قلمبند کرکے سماعت 21نومبر تک ملتوی کر دی ۔جبکہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج اصغر خان نے اغواء برائے تاوان ، پولیس مقابلہ اور بارود برآمدگی کے مقدمات میں 5گواہان کے بیان قلمبند کرلئے ۔بدھ کو عدالت نے تھانہ سی ٹی ڈی میں درج بارود برآمدگی کے مقدمے میں ملوث ملزم عبدالواحد کیس میںایک گواہ کا بیان قلمبند کرکے سماعت 13نومبر، سعد گل کیس میں ایک گواہ کا بیان قلمبند کرکے سماعت 9نومبر، عارف وغیرہ کیس میں 1گواہ کا بیان قلمبند کرکے سماعت 9دسمبر، تھانہ نیوٹائون میں درج اغواء برائے تاوان کے مقدمے میں 1گواہ کا بیان قلمبند کرکے سماعت 14نومبر، تھانہ حسن ابدال میں درج پولیس مقابلے کے مقدمے میں ملوث ملزم کامران کیس میں 1گواہ کا بیان قلمبند کرکے سماعت 10نومبرتک ملتوی کر دی ۔

مزیدخبریں