نیشنل آرٹ گیلری میں جاپانی فوٹوگرافرزکی کھینچی گئی تصاویرکی نمائش

اسلام آباد (کلچرل رپورٹر) جاپان فاؤنڈیشن نے پاکستان میں جاپانی سفارتخانے اور پی این سی اے کے اشتراک سے نیشنل آرٹ گیلری اسلام آباد میںجاپانی فوٹوگرافرزکی کھینچی گئی تصاویرکی نمائش کا اہتمام کیا۔’’توہوکو… جاپانی فوٹوگرافرزکی آنکھوں کے آئینے میں‘‘کے عنوان سے منعقدہ نمائش میں جاپان کے شمال مشرقی خطے توہوکو کی تصاویر شامل ہیں۔ یہ خطہ مشرقی جاپان میں مارچ 2011ء کو آنے والے زلزلے سے بری طرح متاثر ہوا تھا۔ ان تصاویرکو نمائش کیلئے جاپان کے مشہور فوٹوگرافر نقاد کوٹاورا ہزاروا نے ترتیب دیا تھا۔ پاکستان میں متعین جاپان کے سفیر تاکاشی کورائے نے نمائش کا اہتمام کیا۔ نمائش میں 9 جاپانی فوٹوگرافرزکی 123 فوٹو گرافس رکھی گئی ہیں۔ نمائش 6 دسمبر 2017ء تک عوام الناس کیلئے جاری رہے گی۔ اس نمائش کا مقصد اس علاقے کو زلزلہ زدہ دکھانا نہیں بلکہ اس علاقے کی خوبصورتی یہاں کی ثقافت اور یہاں کے لوگوں کی بود پاش کو دکھانا ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپانی سفیر تاکاشی کورائی نے جاپانی فوٹو گرافرز اور نمائش کے کیوریٹر کوٹارواہزاوا کے کام کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سال رواں پاکستان اور جاپان کے 65 سالہ تعلقات کا سال ہے اور جاپان کا سفارتخانہ پاکستانی عوام کیلئے جاپانی ثقافت کو دکھاتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے اپنا کردارادا کر رہا ہے۔ نمائش میں ایک جاپانی فوٹو گرافراونوکاری کی 23 فوٹوگرافس بھی رکھی گئی ہیں۔ یہ تصاویر ’’کلک پاکستان‘‘کے عنوان سے نمائش میں شامل ہیں۔ اسی طرح پاکستان کے 12 شوقیہ فوٹو گرافروں کی جاپان میں اتاری گئی 22 فوٹو گرافس بھی نمائش کا حصہ ہیں۔ ان تصاویرکو’’کلک جاپان‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن