اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)وفاقی وزیر بجلی ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری نے مالی سال 2016ء میں 777 میگاواٹ جامشورو پاورپلانٹ کے سلسلہ میں جامشورو پاور کمپنی کے 2 ارب 45 کروڑ کے نقصان کاسخت نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات اور ذمہ داری کا تعین کرنے کا حکم جار ی کردیا ہے۔ انہوں نے یہ حکم گذشتہ روزبجلی کی پیداواری کمپنی کی کارکردگی کاجائزہ لینے سے متعلق اجلاس کے دوران جاری کیا۔ وفاقی وزیر نے جامشورو پاور کمپنی کا منافع جو مالی سال 2014ء میں ایک ارب 46کروڑ 90لاکھ روپے تھا 2015ء میں کم ہو کر 75کروڑ 10لاکھ روپے اور 2017ء میں 78کروڑ روپے (بغیر آڈٹ) تک آگیا ہے کے معاملے کا بھی سخت نوٹس لیا اور اس کی وجوہات کی تحقیقات کا بھی حکم جاری کیا۔ وفاقی وزیر نے جینکو ہولڈنگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسرکو بھی پچھلے 4سالوں کے دوران کمپنی کے کھاتوں کی تحقیقات کرنے اور 15دنوں میں کمپنی کے منافع اور نقصان میں فرق کی وجوہات کا تعین کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ اگر اس مقررہ عرصے میں تحقیقات مکمل نہیں ہوتی تو پھر بیرونی انکوائری کرائی جائے گی۔ جامشورو پاور کمپنی کو 30جون 2016ء کو ختم ہونے والے مالی سال کے دوران 2ارب 45کروڑ 30لاکھ روپے تک نقصان ہوا ہے۔
اویس لغاری کا جامشورو پاور کمپنی کوہونیوالے 2 ارب 45 کروڑ نقصان کا نوٹس
Nov 09, 2017