لاہور (خصوصی نامہ نگار) قائد تحریک منہاج القرآن سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے حکیم الامت ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے 141ویں یوم ولادت کے موقع پر کہا ہے کہ علامہ محمد اقبال ؒکے کلام اور فلسفے کا مطالعہ کرنے سے ان کی شخصیت میں پنہاں عشق مصطفی کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر نظر آتا ہے،وہ مفکر اسلام، حکیم الامت، شاعر مشرق، مصور پاکستان سے بڑھ کر سچے عاشق رسول ؐتھے۔وہ گذشتہ روز منہاج علماء کونسل کے سینئر عہدیداران سے گفتگو کررہے تھے، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ اپنے فلسفہ میں جدت کردار، اجتہاد، خودی اور فکر نو کے طالب نظر آتے ہیں، اسی لیے وہ بار بار فرماتے ہیں کہ قرآنی تعلیمات پر عمل پیرا ہوئے بغیر کوئی بھی مسلمان یہ عظیم مقصد حاصل نہیں کر سکتا، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ علامہ اقبال ؒ کی شخصیت کا جتنا بھی مطالعہ کیا جائے ان کی ذات کے نئے نئے پہلو سامنے آتے ہیں، فکر اقبال کی تمام جہتیں دراصل قرآن عظیم، ہدایت رسول و عشق رسول ؐ کی رہنمائی میں تشکیل پاتی ہیں، علامہ اقبال کے نزدیک قوم کی عظمت رفتہ کی بحالی قرآن اور صاحب قرآن حضرت محمد مصطفی ؐکی طرف رجوع کرنے سے ممکن ہے، انسان کے لیے رشد و ہدایت کے یہی دو منبع ہیں، پاکستان کے اسلام کے نام پر وجود میں آیا ہے۔