برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، تمام ممالک کے ساتھ پارلیمانی روابط بڑھانا چاہتے ہیں: اسد قیصر

اسلام آباد (آئی این پی ) ا سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی ترقی اور خطے کی خوشحالی کے لیے تمام ممالک کے ساتھ پارلیمانی روابط کے فروغ کا خواہاں ہے، پاک برطانیہ اراکین پارلیمنٹ کے وفود کے تبادلوں سے اراکین ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں ، پاکستانی طلباء برطانوی طرز تعلیم سے بہت متاثر ہیں ، ان کو برطانیہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے خاطر خواہ مواقع میسر آنے چاہیے۔جمعرات کو برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پارلیمنٹ ہاوس میں ملاقات کی۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی روابط کے فروغ کو زیربحث لایا گیا ۔ اس موقع پر اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان اپنے دوست رکن ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو ترجیحی بنیادوں پر مضبوط اور مستحکم بنانا چاہتا ہے ،پاکستان علاقائی ترقی اور خطے کی خوشحالی کے لیے تمام ممالک کے ساتھ پارلیمانی روابط کے فروغ کا خواہاں ہے، انہوں نے کہا دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کے وفود کے تبادلوں سے اراکین پارلیمنٹ ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں،پارلیمانی وفود کے تبادلوں کے کے ذریعے لائبریری ، ریسرچ ، قانون سازی،اورقائمہ کمیٹیوںکے نظام کار کو مزید فعال بنایا جا سکتا ہے، موجودہ حکومت پارلیمانی تعاون کے فروغ کے ذریعے تمام شعبوں میںدوست ممالک سے تجربات کے ذریعے آگاہی حاصل کرنا چاہتی ہے۔ پاکستانی طلباء برطانوی طرز تعلیم سے بہت متاثر ہیں۔ پاکستانی طلباء کو برطانیہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے خاطر خواہ مواقع میسر آنے چاہئیں۔اسد قیصر نے کہا پاکستان میں ایجوکیشن سٹی بنانا چاہتا ہوںتاکہ غریب اور کم آمدن والے لوگوں کے بچوں کو تعلیم کے حصول کے لیے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر نے سپیکر قومی اسمبلی کو تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان میںجمہوری عمل کے تسلسل کے ذریعے ادارے مضبوط ہونگے اور ملک معاشی و اقتصادی طور پر مزید مستحکم ہو گا۔برطانوی حکومت اور پارلیمنٹ ،پاکستانی اراکین پارلیمنٹ اور سٹاف کی استعداد کار میں اضافے کے لیے ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہے۔

ای پیپر دی نیشن