میلبورن(آئی این پی) آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقا اور بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا تاہم تجربہ کار کھلاڑی مچل اسٹارک، مچل مارش اور نیتھن لیون کو اسکواڈ سے آوٹ کردیا گیا۔پاکستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز میں وائٹ واش ہونے کے بعد آسٹریلوی بورڈ نے جنوبی افریقا اور بھارت کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم کو تطہیری عمل سے گزارا ہے۔کینگروز بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اسکواڈ میں فاسٹ بولر مچل اسٹارک، نیتھن لیون اور مچل مارش کو شامل نہیں کیا۔پاکستان کے خلاف حالیہ سیریز میں مچل اسٹارک کی غیر موجودگی کی صورت میں اسکواڈ میں جگہ بنانے والے پیٹر سڈل کو بھی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے آوٹ کردیا گیا۔تجربہ کار ٹیسٹ بولر جوش ہیزل وڈ اور پیٹ کمنز بھی مکمل طور پر فٹ نہ ہوسکے جس کے باعث انہیں بھی شامل نہیں کیا گیا۔جنوبی افریقا اور بھارت کے خلاف 13 رکنی کینگروز اسکواڈ کا حصہ بننے والوں میں جیس بہرنڈروف، نیتھن کولٹر نائل، بلی اسٹنلیک اور ایڈم ٹائے شامل ہیں۔آسٹریلوی اسکواڈ کپتان ایرون فنچ، الیکس کیری، گلین میکسویل، ایشٹن اگر، جیسن بہرنڈروف، کرس لین، بین میکڈرموٹ، آرکی شورٹ، نیتھن کولٹر، بلی اسٹینلیک، مرکس اسٹونس، اینڈریو ٹائی اور ایڈم زمپا شامل ہیں۔ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان واحد ٹی ٹوئنٹی میچ 17 نومبر کو کھیلا جائے گا جس کے بعد آسٹریلوی ٹیم بھارت کے خلاف 21 نومبر سے 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔