علامہ اقبال کا 141واں یوم پیدائش،مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

Nov 09, 2018 | 11:42

ویب ڈیسک

ملک بھر میں  شاعر مشرق ڈاکٹرعلامہ اقبال کا 141 واں یوم پیدائش نہایت عقیدت واحترام سے منایا  جارہا ہے ۔علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے  ملک بھر میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا جبکہ  لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مصور پاکستان کو پاک بحریہ اور پاک رینجرز کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی،  مزار اقبال پر پاک نیوی کے دستے نے پاک رینجرز سے چارج سنبھال لیا،سٹیشن کمانڈر نیوی کموڈور نعمت اللہ نے بطور مہمان خصوصی پریڈ کا معائنہ کیا، مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑ ھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ مہمان خصوصی نے کتاب یادداشت میں اپنے تاثرات قلمبند بھی کئے۔  سکیورٹی خدشات کے باعث مزار اقبال پر عام عوام کا داخلہ بند رکھا گیا  ۔بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، یاد داشت میں اپنے تاثرات درج کئے ۔ڈی جی رینجرز پنجاب نے مفکر پاکستان کی مزار پر حاضری اور پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ۔شاعر ِمشرق، مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی شاعری ہر عہد کیلئے ہے، دلوں میں ولولہ پیدا کرنے والا کلامِ اقبال انسان کو تخیل کی بلند یوں پر لے جاتا ہے،علامہ اقبال کی ولولہ انگیز شاعری نے دلوں کی دنیا بدلی اور پاکستان کی صورت مسلمانوں کے لیے ایک آزاد خطہ ارضی کو وجود میں لانے کے لیے اس نے بہت اہم کردار ادا کیا۔واضح رہے  کہ  علامہ محمد اقبال 9 نومبر کو 1877 ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے اور آبائی شہر سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد لاہور چلے گئے۔شاعر مشرق نے لاہور سے ایم اے کی ڈگری حاصل کی اور جرمنی سے فلسفہ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی،1930 میں آپ نے الہ آباد کے مقام پر آل انڈیا مسلم لیگ کے صدر کی حیثیت سے تاریخ خطبہ دیا جس میں مسلمانوں کیلئے علیحدہ مملکت کا مطالبہ پیش کیا جس کا نتیجہ بالآخر قیام پاکستان کی صورت میں برآمد ہوا۔

مزیدخبریں