شرط صرف استعفیٰ ہے تو مذاکرات کا کیا فائدہ، جمہوری لوگ ہیں نعشیں نہیں دینگے: عمران

Nov 09, 2019

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی/ نوائے وقت رپورٹ) اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کو آگے بڑھانے کے آپشنز پر مشاورت کے لئے حکومت کی ٹیم اورسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی نے وزیر اعظم سے ملاقاتیں کیں، ذرائع سے اس حوالے سے جو اطلاعات سامنے آئیں ہیں ان کے مطابق وزیر اعظم نے اپنے استعفی کے مطالبہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے میں کسی بھی صورت میں اپنا استعفیٰ نہیں دوں گا، اگر شرط صرف استعفیٰ کی ہے تو پھر مذاکرات کا کیا فائدہ ہے؟ حکومتی مذاکراتی ٹیم نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور اپوزیشن کے ساتھ ہونے والی بات چیت سے آگاہ کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انہوں نے 'کھلے دل سے احتجاج اور مارچ کی اجازت دی لیکن اگر شرط صرف استعفیٰ کی ہے تو مذاکرات کا کیا فائدہ ہے، ملاقات میں مذاکرات کی صورت میں دستیاب آپشن جو نئے انتخابات اور استعفی سے ہٹ کر ہوں پر مشاورت ہوئی ،چودھری پرویز الہی نے وزیر آعظم کو مولانا فضل الرحمان سے ہونے والی بات چیت اور مطالبات سے آگاہ کیا ،ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے کہا کہ معاملے کو سیاسی طور پر حل کرنا چاہتے ہیں جبکہ ساتھ ہی انہوں نے 2018 کے عام انتخابات کے دوران مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے بھی تیار ہونے کا اظہار کیا ۔وزیراعظم نے کہا انتخابی دھاندلی پر عدالتی کمشن بنالیں یا پارلیمانی کمشن ہم تیار ہیں ہم نے چار حلقے کھولنے کا کہا تھا ہے سب حلقے کھولنے کو تیار ہیں۔ مولانا نے کہا کہ انہیں تفتیش چاہئیں ہم جمہوری لوگ ہیں نعشیں ہم نہیں دیں گے۔ افراتفری پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزیر داخلہ اعجاز شاہ اور بابر اعوان کو قانونی مشاورت کیلئے طلب کرلیا۔ مذاکراتی کمیٹی نے کہا کہ احتجاج جمہوری حق ہے، حکومت کو اس سے کوئی خطرہ نہیں، خطرہ ہوتا تو دھرنے والوں کو اسلام آباد نہ آنے دیا جاتا۔ وزیراعظم نے کہا کہ استعفیٰ کا مطالبہ غیرآئینی ہے، سنجیدہ مذاکرات کئے جائیں۔ وزیراعظم نے کمیٹی کو اعجاز شاہ اور بابر اعوان سے مشاورت کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں عمران خان سے وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے پر بات کی گئی۔ قومی اسمبلی میں پرویز خٹک نے خطاب میں کہا کہ اگر یہ کہتے ہیں کہ یہ وقت گزاری کررہے ہیں تو ہم بھی انہیں کہتے ہیں کہ ہم بھی ان کے ساتھ ٹائم پاس کررہے ہیں۔

مزیدخبریں