پوری قوم علامہ ڈاکٹر محمد اقبال ؒ جنہوں نے مسلمانان ِ بر صغیر کے لئے علیحدہ وطن کا تصور پیش کیا کا 142 واں یوم ِ ولادت روایتی جوش وخروش سے منا رہی ہے ، اس موقع پر مزارِ اقبال پر گارڈ کی تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی۔
سفید مصفاوردی میں ملبوس پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے روایتی جوش و جذبے سے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے ۔ پاک بحریہ اور پاکستان رینجرز کے دستوں نے مزار کے باہر اپنی اپنی پوزیشنز لی۔ اسٹیشن کمانڈر (نیوی) لاہور، کموڈور محمد نعمت اللہ نے اعزازی گارڈ کے فرائض سے سبکدوش ہونے والے پاکستان رینجرز کے دستے اور اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالنے والے پاک بحریہ کے دستے کا معائنہ کیا۔
بینڈ کی دھنوں میں مخصوص انداز میں چلتے ہوئے پاک بحریہ کے دستے نے مزار کے چاروں کونوں میں پوزیشنز سنبھالیں ۔ جبکہ پاک رینجرز کا دستہ اپنے آفیسرز انچارج کی سربراہی میں مزار سے رخصت ہوا۔
گارڈز کی تبدیلی کے بعد اسٹیشن کمانڈر (نیوی)، لاہور نے چیف آف دی نیول اسٹاف اور پاک بحریہ کے افسران، سیلرز اور سویلین کی جانب سے قومی شاعر کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔بعد ازاں ، اسٹیشن کمانڈر(نیوی) نے دعا پڑھی اورمہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔
تقریب میں عسکری و سول حکام ، اسکول کے بچوں اور عوام الناس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔