تہران ،استنبول(این این آئی+انٹر نیشنل ڈیسک)ایرانی صدر حسن روحانی نے رد عمل میں کہا اگلی امریکی انتظامیہ کے پاس سابق غلطیوں کی تلافی اور وعدوں کی راہ پر عملدرآمد کرنے کی راہ پر گامزن ہونے کا موقع ہے اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل حانیہ نے نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے پیش رو ڈونلڈ ٹرمپ کے مشرق وسطی بالخصوص فلسطین کے حوالے سے کیے گئے غلط فیصلوں کی اصلاح کریں۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس رہ نما نے ایک بیان میں کہا کہ نئے امریکی صدر کو ڈونلڈ ٹرمپ کے غلط فیصلوں کی اصلاح کرنا ہوگا۔ وہ ٹرمپ کے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے کے فیصلے، سینچری ڈیل اور امریکی سفارت خانے کی القدس منتقلی کے فیصلوں کو تبدیل کریں اور ان تاریخی غلطیوں کو درست کرنے کے لیے اقدامت کریں۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکا کی ظالمانہ پالیسیوں کینتیجے میں فلسطینی قوم کے خلاف ظلم وستم اور بربریت میں اسرائیل کا حامل بن چکا ہے۔ امریکی پالیسیوں نے خطے اور پوری دنیا کی عدم استحکام سے دوچار کیا۔ امریکا تنازعات کے پرامن حل کے لیے ایک مرکزی اور قابل اعتبار ثالث کی حیثیت کھو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی انتظامیہ کی طویل عرصے سے جاری ظالمانہ پالیسیوں اور جانب دارانہ اقدامات کے نتیجے میں فلسطینی قوم کی مشکلات میں اضافہ ہوا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطینی قوم کے حقوق کی قیمت پر اسرائیل کی حمایت کی۔انہوں نے نو منتخب صدر پر زور دیا کہ وہ ٹرمپ کے فلسطین کے حوالے سے ظالمانہ فیصلوں اور اقدامات کو تبدیل کریں۔