لاہور (سپورٹس رپورٹر)تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی۔زمبابوے نے پاکستان کو مقررہ اوورز میں 134 رنز کا ہدف دیا تھا جو کہ گرین شرٹس نے 16 ویں اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں میزبان پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔زمبابوے کی جانب سے اننگزکا آغازبرینڈن ٹیلر اور چیبھا بھا نے کیا جو مایوس کن رہا اور دوسرے اوور میں ہی ٹیلر حارث رؤف کا شکار بن گئے۔زمبابوے کی جانب سے برل اور ویسلے مدھیویرے ہی پاکستانی بولنگ کے سامنے مزاحمت کرسکے اور دونوں نے بالترتیب 32 اور 24 رنز کی اننگز کھیلیں۔ میزبان ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بناسکی۔حارث رؤف اور عثمان قادر نے 3 ، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔زمبابوے کے 135 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور کپتان بابر اعظم نے کیا تاہم فخر زمان 5 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ حیدر علی اور بابر اعظم نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 100 رنز بناکر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔بابراعظم اور حیدرعلی نے نصف سنچریاں بنائیں تاہم نصف سنچری بنانے کے فوری بعد کپتان بابر اعظم آؤٹ ہوگئے۔پاکستان نے 16 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز کا ہدف حاصل کرلیا اور زمبابوے کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی۔پاکستان کی جانب سے حیدر علی 66 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جبکہ کپتان بابر اعظم 51 رنز بناکر نمایاں رہے۔حیدر علی کو بہترین بلے بازی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس جیت کیساتھ ہی گرین شرٹس نے 3 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔پاکستان نے پہلے ٹی ٹونٹی میں زمبابوے کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی ۔ سیریز کا آخری میچ کل 10 نومبر کو کھیلا جائے گا۔خیال رہے کہ پاکستان نے زمبابوے کیخلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی 1-2 سے اپنے نام کی تھی۔