نیو کراچی کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم  کی وارداتیں بڑھ گئیں۔ شہری روزانہ لٹنے لگے

کراچی (این این آئی) نیو کراچی کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں بڑھ گئیں۔ شہری روزانہ لٹنے لگے۔ اسٹریٹ کرمنل اب گینگ کی شکل میں علاقے میں گھومنے لگے۔ تفصیلات کے مطابق نیو کراچی کے مختلف علاقوں الیون ڈی، نیو کراچی 5نمبر ،مدینہ کالونی اسٹاپ، سندھی ہوٹل، الیون ایف، الیون جی سمیت مختلف علاقوں میں اندھیرا چھاتے ہی اسٹریٹ کریمنل سڑکوں پر نکل آتے ہیں اور قانون کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کھلے عام لوٹ مار کی وارداتیں کرتے ہیں۔اسٹریٹ کرمنلز کی وارداتوں کے دوران پولیس سرے سے ہی غائب ہوتی ہے۔ اسٹریٹ کرمنلز نے اب ایک نیا طریقہ واردات نکال لیا ہے جس کے تحت اسٹریٹ کرمنلز اب ایک موٹر سائیکل پر 2 افراد کے بجائے 4 موٹر سائیکلوں پر 8 افراد یا 10 افراد پر مشتمل کرمنلز کا گروپ رات کو لوٹ ماری کے لئے گھومتا ہے۔ موٹر سائیکلوں سے چار افراد اتر کر مختلف دکانوں اور راہگیروں سے لوٹ مار کرتے ہیں جبکہ دیگر چار افراد موٹر سائیکلیں اسٹارٹ کرکے تیار کھڑے رہتے ہیں۔ رات گئے ان لٹیروں کی وجہ سے نیو کراچی کے رہائشی شدید خوف وہراس کا شکار ہیں اور رات کو اپنے کام سے گھروں کو واپسی پر انہیں لٹنے کا ڈر لگا رہا ہے۔ شہریوں نے آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے مطالبہ کیا ہے کہ نیو کراچی کے ان مذکورہ علاقوں میں پولیس پیٹرولنگ کو بڑھایا جائے اور ان لٹیروں سے عوام کو نجات دلا کر امن قائم کیا جائے۔ 

ای پیپر دی نیشن