باکو (نیٹ نیوز) آذربائیجان کے صدر کے مطابق نگورنو کاراباخ کے مرکزی شہر شْوشی پر قبضہ کر لیا گیا ہے۔ اس علاقے کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے گزشتہ ایک مہینے سے آذربائیجان اور آرمینیا کے مابین مسلح لڑائی جاری ہے۔ شْوشی فوجی اورسٹریٹجک حوالے سے اہم شہر ہے کیوں کہ یہ علاقائی دارالحکومت سے صرف دس کلومیٹر دور ہے اور بلندی پر واقع ہے۔ دوسری جانب آرمینیا کا کہنا ہے کہ شْوشی پر قبضے کی لڑائی ابھی تک جاری ہے۔ نگورنو کاراباخ آذربائیجان کا حصہ ہے لیکن سن انیس سو چورانوے سے وہاں آرمینیا کی حمایت یافتہ مقامی علیحدگی پسند فورسز کی حکومت ہے۔ ستائیس ستمبر کو شروع ہونے والی تازہ لڑائی میں اب تک سینکڑوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔