کسی کو اداروں کی تضیک نہیں کرنے دینگے، قوم چور ٹولے کے جانسے میں نہیں آئیگی: عثمان بزدار

Nov 09, 2020

لاہور (نیوزرپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں عوام کے مینڈیٹ کی توہین کر رہی ہیں۔ کسی کو ملکی اداروں کی تضحیک نہیں کرنے دیں گے۔ اداروں کے خلاف باتیں کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں۔ ملک دشمن بیانیہ پر چلنا نام نہاد لیڈروں کی ذہنی پسماندگی کو ظاہر کرتا ہے۔ ملک و قوم کے مفادات کو ٹھیس پہنچانے والے رہبر نہیں ہو سکتے۔ عوام کھوٹے کھرے کی پہچان رکھتے ہیں۔ اپوزیشن ملک کو عدم استحکام کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ 11جماعتوں کا غیر فطری اتحاد اکیلے عمران خان جیسے ایماندار لیڈر کے سامنے کوئی حیثیت نہیں رکھتا۔ اپوزیشن اتحاد پاکستان کی پائیدار ترقی کو روکنے کی سازش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والے اپنے دور میں ووٹ کا تقدس پامال کرتے رہے۔ اپوزیشن کے پاس لوٹ مار کے ذریعے اکٹھی کی گئی دولت بچانے کا واحد ایجنڈا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے پاکستان کے مفادات کو یکسر فراموش کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انتشار پھیلانے والے عناصر کا اپنا اتحاد انتشار کا شکار ہو چکا ہے۔ کرپٹ ٹولہ احتساب سے نہیں بچ پائے گا،لوٹ مار کا حساب دینا ہوگا۔ کرپٹ عناصرکابلاامتیاز احتساب ہونے سے ہی پاکستان آگے بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں کرپٹ عناصر کے مخصوص ایجنڈے کی رتی بھر گنجائش نہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے عام آدمی کو سر اٹھا کر جینا سکھایا ہے۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے عام آدمی کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا۔ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن نے اپنے دور میں کھوکھلے نعرے لگائے۔ اپوزیشن نے ہر موقع پر عوام کو گمراہ کرنے کیلئے سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ رہزنوں کا ٹولہ اپوزیشن اتحاد کی چھتری تلے اکٹھا ہوا ہے۔ قوم ایسے چور ٹولے کے جھانسے میں کبھی نہیں آئی گی۔  وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں فیصلے ملک و قوم کے مفاد میں کئے گئے ہیں۔دریں اثناپنجاب سردار عثمان بزدار نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ اقبال نے اپنی شاعری اور افکار کے ذریعے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کیا۔اقبال مسلمانوں کے اتحاد اور یکجہتی کے داعی تھے۔ علامہ اقبال نے علاقائی حدود و قیود سے ماورا ہو کر انسانیت کو اپنے پیغام کا مخاطب بنایا۔شاعر مشرق کا پیغام آج بھی ہماری رہنمائی کی راہ متعین کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقبال نے نئی نسل میں انقلابی روح پھونکی اور اسلام کی عظمت کو اجاگر کیا۔علامہ اقبال کے افکارپر عمل پیرا ہونے سے ہی پاکستان ایک اعتدال پسند اور فلاحی ریاست بنے گا۔

مزیدخبریں