لاہور (نیوزرپورٹر) شاعر مشرق اور عظیم مفکر ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کا 143 واں یوم پیدائش آج 9 نومبر کو ملی جوش و خروش سے منایا جائے گا۔ نظریہ پاکستان اور ایوان اقبال میں اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں تقریبات منعقد ہونگی جس میں شاعر مشرق کی تحریک پاکستان کیلئے جدوجہد کو بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ تعلیمی اداروں میں تقریری مقابلوں اور مباحثوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ علامہ محمد اقبالؒ کے یوم ولادت پر خصوصی تقریب نظریہ پاکستان ٹرسٹ‘ شاہراہ قائداعظم‘ لاہور میں آج ساڑھے 10 بجے صبح منعقد ہوگی۔ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں تقریب کی صدارت چیئرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ چیف جسٹسس(ر) میاں محبوب احمد کرینگے جبکہ ممتاز دانشور اور ماہرین اقبالیات خطاب کر ینگے بعدازاں 2 بجے دوپہر کارکنان تحریک پاکستان و دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد مزار علامہ اقبال پر حاضری دیں گے، پھولوں کی چاردیں چڑھائی جائیں گی اور فاتحہ خوانی کی جائیگی اس تقریب کا اہتمام تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا جارہا ہے۔