اسلام آباد/کراچی/ لاہور (خبر نگار+ آئی این پی+ سٹی رپورٹر+ این این آئی) پاکستان میں گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 449 کیسز سامنے آئے ہیں۔ مزید 9 افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے۔ اس کے مزید517 مریض شفایاب ہو گئے۔ جبکہ مثبت کیسز کی شرح 1 اعشاریہ07 فیصد پر آ گئی۔ پاکستان بھر میں کرونا وائرس کے اب تک28 ہزار547 مریض انتقال کر چکے ہیں۔ کل مریضوں کی تعداد12 لاکھ77 ہزار 160 ہو چکی ہے۔1 ہزار235 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ 12 لاکھ 25 ہزار880 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔ پنجاب بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کروناکے 125 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ تین افراد جان کی بازی ہارے ہیں۔ صوبہ بھر میں کرونا کے کیسز کی کل تعداد 441,186 ہو گئی ہے۔ گذشتہ روز راولپنڈی سے 2 جبکہ لاہور سے 1 ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔ صوبائی سیکرٹری صحت نے کہاکہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 15,285 تشخیصی ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر اور نیشنل کوآرڈی نیٹر میجر جنرل طفر اقبال کا کہنا ہے کہ 12 سال کے بچوں کی ویکسی نیشن کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔ این سی او سی کی سربراہ اسد عمر اور نیشنل کوآرڈی نیٹر میجر جنرل ظفر اقبال کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا۔ جس میں ملک میں جاری انسداد کرونا ویکسی نیشن مہم پر مہم پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس میں فورم کو کووڈ 19 کی تازہ ترین صورتحال اور ویکسین کے لازمی نظام کی کوششوں اور ویکسی نیشن کو یقینی بنانے کے لئے مستقبل کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی۔ دنیا بھر میں نوول کرونا وائرس سے شدید متاثرہ ملکوں میں مصدقہ کیسز کے حوالے سے جانز ہوپکنز یونیورسٹی کے سسٹمز سائنس وانجینئرنگ مرکز نے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق دنیابھر میں نوول کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 24کروڑ 98لاکھ 66ہزار 895ہوگئی۔ امریکہ 4کروڑ 64 لاکھ 87ہزار 791مصدقہ کیسز کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ بھارت 3کروڑ 43لاکھ 55ہزار 509مصدقہ کیسز کے ساتھ دوسرے اور برازیل 2کروڑ 18لاکھ 80ہزار 439مصدقہ کیسز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ سردیوں میں کرونا کی پانچویں لہر آ سکتی ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ویکسین لگوائیں، ماسک کا استعمال کریں۔ اس سال پاکستان میں پولیو کا صرف ایک کیس سامنے آیا ہے۔ دواؤں کی قیمتوں میں اضافہ اتنا ہونا چاہیے جس سے ناجائز منافع نہ ہو۔ دواؤں کی قیمت مناسب ہونی چاہیے۔ وہ پیر کو کراچی میں سی ڈی ایل لیب کی افتتاحی تقریب اور پاکستان سوسائٹی فار ایورنئس اینڈ کمیونٹی امپاورمنٹ کے زیر اہتمام ذیابطیس کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ملک میں ذیابطیس کی وبا کافی زیادہ پھیل چکی ہے ۔ذیابطیس پر قابو پانے کے لئے جلد اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔