پاک بحریہ کیلئے بنائے جانے والے بحری جہاز ’’طغرل‘‘ کی چین میں کمشننگ 


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک بحریہ کے پہلے ٹائپ054 A/P  فریگیٹ پی این ایس طغرل کی کمشننگ کی تقریب چین کے ہوڈونگ ژہنگوا(HZ)  شپ یارڈ میںہوئی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق  پاکستان کے سفیر معین الحق نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پی این ایس طغرل پاکستان نیوی کے لئے تعمیر کئے جانے والے4 ٹائپ 054  فریگیٹس میں سے پہلاجہاز ہے۔ یہ جہاز تکنیکی طور پر ایک جدید صلاحیت کا حامل پلیٹ فارم ہے۔ جس میں سطح آب، فضا اور زیرآب مار کرنے کے علاوہ نگرانی کی بھی صلاحیت موجود ہے۔ پی این ایس طغرل جدید ترین کامبیٹ مینجمنٹ اور الیکٹرانک وار فیئر سسٹم کے ساتھ ساتھ اپنے دفاع کی جدید صلاحیتوں سے لیس ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ پی این ایس طغرل کی کمشننگ پاک چین دوستی میں ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ جو وقت کی آزمائشوں میں مزید مضبوط ہوئی ہے اور تمام شعبوں میں ثابت قدم رہی ہے۔ خطے کی مجموعی سکیورٹی کے تناظر میں طغرل  کلاس فریگیٹس بحرِہند میں سمندری دفاع کو یقینی بنانے۔ امن، استحکام اور طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے میں درپیش بحری چیلنجوں کا جواب دینے  کے  لیے پاک بحریہ کی صلاحیتوں کو مضبوط بنائیں گے۔ 054A/P فریگیٹ کی تعمیر کی نگرانی کرنے والے پاک بحریہ کے مشن کے سربراہ کموڈور راشد محمود شیخ نے کہا کہ پی این ایس طغرل کثیر الجہتی مشن کی صلاحیت کا حامل فریگیٹ ہے جو کہ پاک بحریہ کی بحری دفاعی صلاحیتوں کو تقویت دینے  کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ کے فلیٹ کی بنیاد بنے گا۔

ای پیپر دی نیشن