سکھر (آئی این پی) پی ڈی ایم کے سربراہ جے یو آئی قائد مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت ملک اور عوام کے لیے سونامی بن چکی ہے۔ معیشت کو تباہ کر کے ریاست کی بنیادوں کو کھوکھلا کیا جا رہا ہے۔ عمران خان اپنے غیر ملکی آقائوں کی ایما پر ملک میں روز بروز مہنگائی، بیروزگاری، بدامنی اور بے حیائی برپا کر کے عوام کو مایوسیوں کے دلدل کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ ان حالات میں عوام کو مایوسیوں اور پریشانیوں سے نکالنے کے لئے پی ڈی ایم نے فیصلہ کن تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکرٹری علامہ راشد محمود سومرو، مفتی سعود افضل ہالیجوی اور مولانا عبدالحق مہر کے ساتھ ٹیلفونک گفتگو کے دوران کیا۔ سکھر میں مقامی ترجمان مولانا عبدالحق مہر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکمران ملک کی سلامتی کیلئے رسک بن چکے ہیں۔ اب ان کو جلد ہٹایا جانا ناگزیر بن چکا ہے۔