لاہور( کامرس رپورٹر)فیڈرل بورڈ آف ریو نیو نے ڈیفالٹر زکے گرد گھیرا تنگ کردیا،کارپوریٹ آرٹی او نے کروڑوں روپے کے ٹیکس نادہندگان کے کاروباری احاطے سیل کرنا شرو ع کردئیے ۔چیف کمشنر کارپوریٹ ٹیکس آفس آمنہ حسن کی ہدایت پر کریک ڈائون کیا گیا ۔ ایف بی آر کی ٹیم نے بادامی باغ سٹی سٹیل ملز کوسیلز ٹیکس کی مد میں5کروڑ 40لاکھ روپے ادانہ کرنے پر سر بمہر کر دیا۔ سٹی سٹیل ملز کی ہائیکورٹ میں دائر درخواست خارج ہونے پر کارروائی عمل میںلائی گئی۔ایف بی آر حکام کے مطابق سٹی سٹیل ملز کا 20کنال کا رقبہ قرق کر کے نیلام کرنے کیلئے کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔ایف بی آر کی ٹیم نے بھوبھتیاں چوک میں ٹرانسفارمر بنانے والے لیگرٹ پرائیویٹ لمٹیڈ کمپنی کو بھی سربمہر کردیا،مذکورہ کمپنی کے خلاف سیلز ٹیکس کی مد میں 1کرور80لاکھ روپے واجب الادا تھے ۔ایف بی آر کے مطابق دیگر ٹیکس نا دہندگان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
ٹیکس نادہندگان کے خلاف ایف بی آر کی کارروائی،2کمپنیاں سیل
Nov 09, 2021