سی این ایس انٹر نیشنل تائیکوانڈ و چیمئپن شپ میں پاکستان کا پہلا گولڈ میڈل

Nov 09, 2021


 اسلام آباد (اسپورٹس رپورٹر )چیف آف دی آرمی اسٹاف پاکستان اوپن انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں پاکستان نے اپنا پہلاگولڈمیڈل جیت لیا۔۔پاکستان کے ہارون خان نے ایک سخت اوردلچسپ مقابلے کے بعدایران کے مہدی اسحاقی کوصرف ایک پوائنٹ سے شکست دیدی۔فلائی ویٹ -58 کے جی فائنل کا فیصلہ آخری سیکنڈ میں 23 اور،24 پوائنٹس پرہوا۔پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹنٹ جنرل (ر) سیدعارف حسن،سیکرٹری جنرل خالدمحمود،پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر لیفٹیننٹ کرنل (ریٹائرڈ) وسیم احمدجنجوعہ،ساؤتھ ایشیاء تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کے صدر عمر سعید نے پاکستان کیلئے طلائی تمغہ جیتنے پرہارون خان کومبارکباد دی ۔وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کھیلوں کیلئے محفوظ ترین ملک ہے، نیوزی لینڈ کی ٹیم نے شیڈول دورہ ختم کرکے غلطی کی، تائیکوانڈو چمپئن شپ میں 15ممالک کی شرکت دنیا کیلئے واضح پیغام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف پاکستان اوپن انٹر نیشنل تائیکوانڈو چمپئن شپ میں شریک پندرہ ممالک کے غیر ملکی مندوبین اور آفیشلز کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوے کیا۔ تقریب میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری خالد محمود، پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر کرنل ر وسیم احمد ، وویمن وونگ صدر صبا شمیم، سیکرٹری جنرل مرتضی بنگش سمیت دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔وزیر مملکت علی محمد خان نے کہاکہ تائیکوانڈو چمپئن شپ کا شاندار انعقاد دنیا کیلئے واضح پیغام ہے، پاکستان کھیلوں کیلئے محفوظ ترین ملک ہے ،پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی سپورٹ پر انکے مشکور ہیں۔ علی محمد خان نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی ہارون خان کو انٹرنیشنل ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دیتے ہیں، حکومت تائیکوانڈو فیڈریشن کی ہر ممکن سپورٹ کرے گی، پاکستان قدرتی خوبصورتی سے مالا مال ملک ہے اور نادرن ایریاز میں بھی ایسے ایونٹس کے انعقاد سے ملک کا سافٹ امیج اجاگر ہوگا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل خالد محمود نے کہا کہ پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن نے شاندار ایونٹ منعقد کروایا ہے ، امید ہے کہ غیر ملکی مندوبین پاکستان سے اچھی یادیں لیکر واپس جائینگے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے تعاون سے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہے گی ،حکومت،فیڈریشز ، پی او اے کے ملکر کام کرنے سے کھیلیں ترقی کرے گی۔ تقریب میں وزیر مملکت علی محمد خان نے غیر ملکی مندوبین اور آفیشلز کو یادگاری شیلڈز بھی تقسیم کی۔

مزیدخبریں