کراچی (نیوز رپورٹر) پاک بحریہ کے پہلے ٹائپ 054 A/P فریگیٹ پی این ایس طغرل کی کمشننگ کی تقریب چین کے ہوڈونگ ڑہنگوا (HZ) شپ یارڈ میں منعقد ہوئی۔ چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پی این ایس طغرل پاکستان نیوی کے لیے تعمیر کیے جانے والے 4 ٹائپ 054 فریگیٹس میں سے پہلاجہاز ہے۔ یہ جہاز تکنیکی طور پر ایک جدید صلاحیت کاحامل پلیٹ فارم ہے جس میں سطح آب، فضاء اور زیرآب مار کرنے کے علاوہ نگرانی کی بھی صلاحیت موجود ہے۔ کثیرالجہتی خطرات کے ماحول میں یہ جہاز بیک وقت مختلف اقسام کے بحری جنگی مشقیں سر انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پی این ایس طغرل جدید ترین کامبیٹ مینجمنٹ اور الیکٹرانک وارفیئر سسٹم کے ساتھ ساتھ اپنے دفاع کی جدید صلاحیتوں سے لیس ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ پی این ایس طغرل کی کمشننگ پاک چین دوستی میں ایک نئے باب کا آغاز ہے انہوں نے مزید کہا کہ خطے کی مجموعی سیکیورٹی کے تناظر میں طغرل کلاس فریگیٹس بحرِ ہند میں سمندری دفاع کو یقینی بنانے، امن، استحکام اور طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے میں درپیش بحری چیلنجوں کا جواب دینے کے لیے پاک بحریہ کی صلاحیتوں کو مضبوط بنائیں گے۔ سفیر نے CSSC، CSTC، CSDDC، HZ شپ یارڈ اور چینی بحریہ کی جانب سے عالمی وبا کے باوجود طاقتور اور مکمل صلاحیتوں سے لیس فریگیٹ کی بروقت فراہمی کے لیے کی جانے والی مشترکہ کاوشوں کو بھی سراہا۔ نائب پارٹی سیکرٹری اور CSSC کے بورڈ ڈائریکٹر ڈو گینگ نے پی این ایس طغرل کی بروقت تعمیر کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ جہاز کا کمیشن ہونا ایک اہم سنگ میل اور پاک چین دیرینہ دوستی کا ثبوت ہے کیونکہ دونوں ممالک اعتماد، ہمدردی اور اشتراک کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں۔ سرگرمیوں کا جائزہ پیش کرتے ہوئے، 054A/Pفریگیٹ کی تعمیر کی نگرانی کرنے والے پاک بحریہ کے مشن کے سربراہ کموڈور راشد محمود شیخ نے کہا کہ پی این ایس طغرل کثیر الجہتی مشن کی صلاحیت کا حامل فریگیٹ ہے جو کہ پاک بحریہ کی بحری دفاعی صلاحیتوں کو تقویت دینے کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ کے فلیٹ کی بنیاد بنے گا۔ تقریب میں BOMETEC، OIMC، SASTIND، چینی بحریہ اور CSSC کے اعلیٰ سطحی معززین کے علاوہ CSTC اور ہوڈنگ ڑنگوا شپ یارڈ کے چیئرمین اورچینی بحریہ کی شنگھائی نیول بیس کے کمانڈر کے علاوہ چین میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
چین میں پاک بحریہ کے پہلے فریگیٹ پی این ایس طغرل کی کمشننگ
Nov 09, 2021