24سال بعد آسٹر یلوی کر کٹ ٹیم نے مارچ میں دورہ پاکستان کا اعلان کر دیا

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے 1998ء کے بعد آسٹریلیا کے پہلے دورہ پاکستان کا اعلان کر دیا۔ جس کے مطابق آغاز 3 مارچ سے ہوگا۔ پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹیسٹ، 3 ایک روزہ اور ایک ٹی ٹونٹی میچ پر مشتمل سیریز آئندہ سال مارچ اور اپریل میں کھیلی جائے گی۔ مہمان ٹیم نیشنل سٹیڈیم کراچی میں سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ جس کا آغاز 3 مارچ سے ہوگا۔ سیریز کے باقی دو ٹیسٹ میچز 12 تا 16 مارچ تک راولپنڈی اور 21 تا 25 مارچ تک لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز کے چاروں ایک روزہ میچز 29 مارچ سے 5 اپریل تک لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز میں شامل تمام ٹیسٹ میچز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ جبکہ تینوں ایک روزہ میچز آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہوں گے ۔ چیف ایگزیکٹو کرکٹ آسٹریلیا نک ہوکلے کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام کرکٹ سے پیار کرتے ہیں۔ ہمارا آئندہ سال دورہ پاکستان وہاں موجود کرکٹ فینز کو مزید پرجوش کرے گا۔ دوسری جانب چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے آسٹریلیا کے دورہ پاکستان پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلیا ایک مضبوط ٹیم ہے اور ان کا 24 سال بعد پاکستان آکر کھیلنا یہاں موجود مداحوں کے لیے بہترین لمحہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح یہ آسٹریلیا کے لیے بھی ایک شاندار موقع ہوگا کہ وہ پاکستان کے تاریخی گراؤنڈز میں کرکٹ کھیل کر یہاں کے عوام کی مہمان نوازی کا شرف حاصل کر سکتے ہیں۔ آسٹریلیا کی جانب سے 24 سال بعد دورہ پاکستان کے اعلان کے فوری بعد سوشل میڈیا پر ’ویلکم ٹو پاکستان‘ کا ٹرینڈ چل گیا۔ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کے اعلان کے ساتھ ہی پاکستانی شائقین کرکٹ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے آسٹریلیا کو ’پاکستان میں خوش آمدید‘ کہنا شروع کر دیا۔ ایک صارف نے کرکٹ آسٹریلیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں کی جانب سے دورہ پاکستان منسوخ کرنے کے بعد پاکستان کرکٹ کو اس دورے کی اشد ضرورت تھی۔ ایک اور صارف نے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے ٹاکرے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ’’خوش آمدید آسٹریلیا، اور  سکیورٹی کی فکر بالکل نہ کریں۔ وہ بہت جلد ٹھیک کردیں گے‘‘۔ ایک اور ٹویٹ میں کہا گیا ’’ آسٹریلیا نے سیمی فائنل سے پہلے پاکستان کے گرد شکنجہ کسنے کی کوشش کی ہے تاہم یہ دشمنی سیمی فائنل تک جاری رہے گی۔ اس کے بعد آپ کو پاکستان میں خوش آمدید کہیں گے‘‘۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...