کینیڈا کیساتھ طویل المدت تعلقات کے خواہاں ہیں: آرمی چیف

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے کینیڈا کی نائب وزیر خارجہ مارٹا مورگن نے پیر کو جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون، مجموعی علاقائی صورتحال اور افغانستان میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اقدامات میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان دوطرفہ روابط کی روایت کو برقرار رکھنے کا خواہاں ہے اور کینیڈا کے ساتھ طویل المدتی اور کثیر المقاصد پائیدار تعلقات کا خواہاں ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے انسانی بحران سے بچنے کے لیے افغانستان پر عالمی اتحاد کی اشد ضرورت کا اعادہ کیا۔ کینیڈین نائب وزیر نے افغانستان میں انخلا کے آپریشن اور علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے مابین ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے وہ اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی۔

ای پیپر دی نیشن