گوجرانوالہ( نمائندہ خصوصی)امسال گندم کے 2 کروڑ20 لاکھ میٹرک ٹن پیداوار کا ہدف یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔گندم کے پیداواری ہدف کے حصول کے لئے کاشتکار ترجیحاً20 نومبر تک کاشت مکمل کرلیں ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے ضلع گوجرانوالہ میں فصلات ربیع کے متعلق کاشتکاروں کی آگاہی کے لئے منعقدہ سیمینارکے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر زراعت نے مزید کہاکہ موجودہ حکومت فوڈ سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے اور اس ضمن میں وزیراعظم پاکستان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت12ارب59 کروڑ روپے کی لاگت سے گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے ومی منصوبہ کے تحت امسال گندم کی منظورشدہ اقسام کے10لاکھ بیگ سبسڈی پر فراہم کئے جارہے ہیں۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ کاشت کار بھائی گندم کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لئے محکمہ زراعت کی سفارشات، متناسب کھاد اور سرٹیفائیڈ بیجوں کا استعمال کریں تاکہ گندم کی گزشتہ سال سے زیادہ پیداوار حاصل کی جائے۔ انہوں نے کاشتکاروں سے اپیل کی کہ وہ جلد از جلدکسان کارڈ کی رجسٹریشن مکمل کروائیں۔تقریب میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈرطارق گجر،پی ٹی آئی کے مقامی عہدیداروں، ڈائریکٹر زراعت(توسیع) جاوید اقبال،ڈائریکٹر(اصلاح آبپاشی)عباس تتلہ،ڈپٹی ڈائریکٹر زرعی اطلاعات نوید عصمت کاہلوں،سید محسن حسن,فیصل عدنان سندھو سمیت زرعی ماہرین اور کاشتکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی
گندم کی زیادہ پیداوار کیلئے کسان سرٹیفائیڈ بیج استعمال کریں:حسین جہانیاں
Nov 09, 2021