انجینئر کی بھرتی،امید وار کلیئرنس کے منتظر مستقبل تاریک ہونے کا خدشہ

Nov 09, 2021


بہاولپور(جنرل رپورٹر) پبلک سروس کمیشن کی جانب سے محکمہ انہار سمیت مختلف محکموں میں انجینئرز کی آسامیوں کیلئے بھرتی کی درخواستیں جمع کرانے کے لیے بہت کم مہلت دی گئی ہے جس کی وجہ سے جنوبی پنجاب کے دور دراز علاقوں کے درجنوں امیدوار درخواستیں جمع کرانے سے محروم ہو گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے پنجاب پبلک سروس کمیشن کی جانب سے ایس ڈی اوز و دیگر آسامیوں پر بھرتی کے لیے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ منگل 9 نومبر رکھی گئی جبکہ متعدد گریجویٹ انجینئرز کاغذات مکمل نہ ہونے کی وجہ سے اپلائی کرنے سے محروم ہو گئے کیونکہ متعدد امیدوار اپنے متعلقہ اداروں سے کلیئرنس اس وجہ سے نہیں لے سکے کہ کرونا کے باعث وہ قسطوں میں واجبات جمع کرانے پر مجبور ہیں اور وزیر اعلی پنجاب کے اپنے خطے میں صورتحال زیادہ ابتر ہے۔ اکثر پرائیویٹ تعلیمی ادارے ایسے امیدواروں کے ٹرانسکرپٹ روکے ہوئے ہیں جبکہ سرکاری یونیورسٹیوں میں بھی بعض طلبہ ڈگریاں مکمل کرے کے باوجود ہاسٹل اخراجات سمیت دیگر مدات میں اپنی کلیئرنس نہیں کرا سکے۔ امیدواروں نے  وزیر اعلی پنجاب، گورنر پنجاب اور چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن سے درخواستیں جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ان لائق طلبہ کو پنجاب پبلک سروس کمیشن کے امتحان میں شرکت کیلئے  کم از کم چار ہفتوں کی توسیع دی جائے۔

مزیدخبریں