لاہور (خصوصی نامہ نگار) این ایل ایف کے مرکز صدر شمس الرحمان سواتی نے کہا ہے کہ نبی مہربان حضرت محمدؐکی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ مزدوروں کی عظمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاتا ہے۔کہ ہمارے آقا ؐ کا فرمان ہے کہ مزدور اللہ کا دوست ہے۔یعنی مزدور جب اپنا کام پوری ایمانداری سے کرتا ہے اور رزق حلال کماتا ہے تو اس کا کام عبادت میں شمارہوتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خدمت گروپ ایمپلائز یونین میٹرو پولیٹن کے صدر گل نواز خان سواتی کے زیر اہتمام، امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکراللہ مجاہد کی زیر صدارت ہونے والی سیرت النبی ؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکراللہ مجاہدنے اپنے خطاب میں کہا کہ حکمران کی نا اہلی اور غلط فیصلوں کی وجہ سے ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے۔مزدوروں کی آمدن انتہائی قلیل ہے جس کی وجہ سے مہنگائی کا مقابلہ نہیں کر پا رہے ۔حکومت چھوٹے گریڈ کے سرکاری ملازمین اور مزدوروںکی تنخواہوں میں اضافہ مہنگائی کے تناسب سے کروائے۔ہمارے نبی حضرت محمدؐنے مساوات کا درس دیا جس کو ہم نے بھلا دیا ہے۔ اسی وجہ سے افراتفری اور بے چینی کا ماحول ہے ۔جماعت اسلامی ملک میں نظام مصطفے ٰ کے نفاذ کی جدوجہد کررہی ہے۔جو تمام مسائل کا واحد حل ہے۔