حکومت کا سستی چینی فراہمی کا خواب چکنا چور ، عوام 150اور گھی 340روپے میں خرید نے پر مجبور

Nov 09, 2021

 ملتان، لودھراں ، کوٹ ادو، وہاڑی( نمائندہ نوائے وقت، نامہ نگار، خبر نگار )حکومت کا سستی چینی فراہمی کا خواب چکنا چور ہو گیا‘عوام چینی150اور گھی 340خریدنے پر مجبور ہیں۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا اور سرکاری نرخوں پر فراہم کی جانے والی چینی کے نرخوں کا معائنہ کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طیب خان اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود بھی  انکے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود نے بھیس بدل کر مہنگی چینی بیچنے پر 5 دکانداروں کو گرفتار کرلیا ۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے بغیر شناخت کرائے گل گشت اور  اندرون شہر میں چیکنگ کی چینی کے  سرکاری ریٹس کی خلاف ورزی پر 4 دکانیں بھی سیل کردی گئیں اور چینی ضبط کرلی گئی۔اسسٹنٹ کمشنر صدر عدنان بدر نے اس سلسلے میں 3 دکانوں کو 37 ہزار سے زائد جرمانے کردیے۔لودھراں سے نامہ نگارکے مطا بق ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) شعیب علی کی ہدایت پر ضلع بھر میں چینی کی حکومتی مقررکردہ نرخوں پر فروخت کی سخت مانیٹرنگ کی جاری ہے ضلع لودھراں میں چینی کی حکومتی مقرر کردہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنانے کیلئے 4نومبر سے 07نومبر کے دوران چینی کی زائد قیمت وصول کرنے پردوکانداروں کو 2 لاکھ 75ہز ار روپے کے جرمانے عائد کیے ہیں جبکہ 16افراد کے خلاف مقدمات کا اندراج کروایا گیا ہے۔ پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب 18 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ 5 دوکانوں کو سربمہر بھی کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر کی تینوں تحصیلوں میں عوامی مقامات پر موبائل شوگر سیل پوائنٹ مقرر کر دیئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر کی دوکانوں پر حکومتی مقررہ کردہ نرخ 90 روپے فی کلوگرام کے بینرز نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنے کی ہدایت کی ہے۔کوٹ ادوسے خبر نگار کے مطابق کوٹ ادو اور مضافات میں چینی کا بحران شدت اختیار کر گیا  اور بازاروں و دکانوں پر چینی نایاب ھوگیہے  چینی 150روپے فی کلو سے زائد میں فروخت ہو رہی ہیمقامی انتظامیہ عوام کو سرکاری نرخوں پر چینی کی فراہمی میں ناکام ہوچکی ہے انتظامیہ کبھی کبھار شہر اور گردونواح کے قصبات میں انتہائی چھوٹے پرچون فروشوں کو ہزاروں روپے کے جرمانے کرنے اور مقدمات درج کرا کے اپنا فرض پورا کررہی ھے  جبکہ ڈیلر اور بڑے سپر سٹورز جن کے پاس وافر چینی موجود ہے  وہ اپنی من مرضی کے نرخوں پر چینی فروخت کررہے ہیں۔وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق ڈپٹی کمشنر وہاڑی محمد خضر افضال چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلا تفریق کاروائیاں جاری ہیں گزشتہ ہفتے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 3855چھاپے مارے اور337خلاف ورزیوں پر 7لاکھ 47ہزار 500روپے جرمانے،13ایف آئی آر کا اندراج اور 21گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔

مزیدخبریں