کراچی (این این آئی) پاکستان کے معروف شاعر جون ایلیاءکی 20ویں برسی کی مناسبت سے "جون ایلیاءکی یاد میں "تقریب کا انعقاد آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے آڈیٹوریم II میں کیا گیا ۔ جہاں مقررین نے جون ایلیاءکے ساتھ گزارے لمحات اور ان کی شاعری کو حاضرین کے گوش گزار کیا ۔ تقریب کی صدارت معروف شاعر افتخار عارف نے اسلام آباد سے آن لائن شرکت کے ذریعے کی ۔ شرکائے گفتگو میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، ڈاکٹر عنبرین حسیب عنبر ، عباس نقوی اور سہیل جاوید شامل تھے ۔تقریب کے نظامت کے فرائض معروف صحافی پیر زادہ سلمان نے ادا کیے ۔ اس موقع پر افتخار عارف نے کہا کہ احمد شاہ نے ہمیشہ لوگوں کی عزتوںکی حفاظت کی ہے ۔ انہوں نے لوگوں کے ساتھ زیادتی کو برداشت نہیں کیا ۔ اس بات پر احمد شاہ کو داد دینی چاہیے ۔ جون ایک تہذیبی آدمی تھے مہذب معاشرے سے آئے ہوئے تھے روایت پسند خانوادے سے ان کا تعلق تھاانہوں نے بہت لافانی نظمیں لکھی ۔جون سے پہلے عام بول چال کی زبان میں شاعری نہیں کی جاتی تھی ۔اس وقت کلاسیکل شاعری کا زیادہ زور تھا لیکن جون نے زبان کو توڑ کر شاعری کی ۔زندگی کو شاعری میںتلاش کیا جا نا چاہیے اور جون ایسی ہی شاعری کیا کرتے تھے انہوں نے مزید کہا کہ جون کی بکھری زندگی کو ایک کتاب کی شکل دینی چاہیے ان کی زندگی کے واقعات محفوظ ہونے چاہیے ۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ جون کا تعلق اس خانوادے میں سے تھاجس نے بڑے بڑے ادیب پیدا کیے۔فلم میکر سہیل جاوید نے بھی خطاب کیا،اس موقع پر ڈاکٹر عنبرین حسیب عنبر نے جون ایلیاءپر لکھا ہوا اپنامضمون جون ایلیاءاور عہد جدید کاالمیہ پیش کیا۔
شاعر جون ایلیاء