میرپور ماتھیلو ( نمائندہ ) ضلعی انتظامیہ گھوٹکی نے ماڑی پیٹرولیم کمپنی کے پراڈکشن بونس اور سوشل ویلفیئر فنڈ سے محکمہ صحت اور پی پی ایچ آئی کو مختلف ہسپتالوں اور بی ایچ یوز کے لئے 9 ایمبولینسز سمیت علاج و معالجے کے آلات کی فراہمی، ڈی ایچ او آفیس میرپور ماتھیلو میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا. ممبر قومی اسمبلی سردار محمد بخش خان مہر، نور محمد خان لونڈ، ڈپٹی کمشنر گھوٹکی محمد عثمان عبداللہ اور منیجر ایڈمن سیکیورٹی ماڑی پیٹرولیم کمپنی کرنل محمد منیر خان ابدالی نے شرکت کی. تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ گھوٹکی نے ماڑی پیٹرولیم کمپنی کے پراڈکشن بونس اور سوشل ویلفیئر فنڈ سے محکمہ صحت اور پی پی ایچ آئی کو تعلقہ ہسپتال خانگڑہ، بی ایچ یو باگو ڈہو، رہڑکی ڈسپینسری، بی ایچ یو لوہی، بی ایچ یو ایوب لکھن، بی ایچ یو عبد? راجڑی، تعلقہ ہسپتال گھوٹکی اور بی ایچ یو داد لغاری کے لئے 9 ایمبولینسز فراہم کی گئی ہیں جبکہ مذکورہ ہسپتالوں کے لئے کلر ڈوپلر، اسٹیم انہیلر، ایکسرے الومینیٹر، ہیموگلوبن میٹر، مائرواسکوپ، الیکٹرک بیڈس، فیڈنگ سیٹ، بی اینڈ سی سیٹ اور فرنیچر سمیت علاج و معالجے کے لئے ضروری آلات بھی فراہم کئے گئے ہیں. اس موقع پرممبر قومی اسیمبلی سردار محمد بخش خان مہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماڑی پیٹرولیم کمپنی کی جانب سے ضلع گھوٹکی کی ہسپتالوں کو سہولتیں فراہم کرنا قابل تعریف عمل ہے،نور محمد خان لونڈ نے خطاب کرتے ہوئے کہ ہم ماڑی پیٹرولیم کمپنی کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ہمارے مطالبے پر ہسپتالوں کو سہولت فراہم کی. تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ماڑی پیٹرولیم کمپنی کے فنڈ سے محکمہ صحت اور پی پی ایچ آئی کی تجویز کردہ ہسپتالوں کو پہلے مرحلے کے دوران سہولتیں فراہم کی گئی ہیں اس سلسلے میں زیادہ تر سہولتیں پی پی ایچ آئی کے زیرانتظام ہسپتالوں کو فراہم کرتے ہوئے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ تمام مشینری کی دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے۔ قبل ازیں منیجر ایڈمن ماڑی پیٹرولیم کمپنی کرنل محمد منیر ابدالی نے کہا کہ کمپنی ضلع گھوٹکی کی عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے، کمپنی کی انتظامیہ کا بنیادی مقصد مقامی لوگوں کو سہولیات فراہم کرنا ہے. اس موقع پر ڈی ایچ او گھوٹکی باقر یوسف جتوئی، ڈی ایم پی پی ایچ آئی لیفٹیننٹ کرنل رٹائرڈ سراج الدین چنا و دیگر نے خطاب کیا. تقریب میں ڈپٹی مئنیجر سی ایس آر کرنل فاروق اعظم، سی ایس آر آفیسر ہیرالدین بلوچ سمیت بڑی تعداد میں ڈاکٹرز نے شرکت کی. اس موقع پر گھوٹکی پولیس کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا بھی کی گئی۔
گھوٹکی،ماڑی پیٹرولیم کمپنی کی جانب سے محکمہ صحت اور پی پی ایچ آئی کو 9 ایمبولینسوںکا عطیہ
Nov 09, 2022