لاہور (خصوصی نامہ نگار) سعودی عرب کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان پاک سعودی عرب تعلقات کی مضبوطی، استحکام اور تعلقات میں بہتری کی دلیل ہے۔ سعودی عرب کے ولی عہد نہ صرف عالم اسلام بلکہ عالمی دنیا کیلئے بھی ایک مضبوط فکر اور سوچ رکھنے والے لیڈر کے طور پر ابھرے ہیں۔ مصر میں موسمی حالات میں تبدیلی پر کانفرنس اور سعودی عرب کا گرین مشرق وسطیٰ کا ویژن پاکستان اور مشرق وسطیٰ کے ممالک کے درمیان بہت سارے امور میں ترقی کے راستے نکالے گا۔ مصر میں وزیر اعظم شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے پاکستان کے موقف اور سیلاب کی صورتحال اور نقصانات پر ملک و قوم کی صحیح ترجمانی کی ہے۔ روس، یوکرائن جنگ کو بند کرنے کے تمام مذاہب کی قیادت نے اپیل کی ہے۔ جنگ سے دنیا مسائل کا شکار ہو رہی ہے، جنگوں کو بند کر کے امن کو ترویج دینی ہو گی۔ یہ باتیں چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ طاہر محمود اشرفی نے بحرین کے تین روزہ دورہ سے واپسی پر ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ایک سوال کے جواب میں ملک کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ احتجاج، سڑکیں بند کرنا، الزام تراشی مسائل کا حل نہیں ہے۔ عمران خان پر حملہ قابل مذمت ہے، اصل حقائق سامنے آنے چاہئیں۔ وزیر اعظم سپریم کورٹ سے اپیل کر چکے ہیں، عمران خان پر حملہ میں کسی ادارے، وزیر اعظم یا وزیر داخلہ کا کوئی ہاتھ نہیں ہے۔ ملک کے حساس ترین ادارے کو بدنام کرنے، قوم اور فوج میں تقسیم پیدا کرنے کیلئے ایک سازشی بیانیہ بنایا گیا ہے جس کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔
طاہر اشرفی