لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس مزمل اختر شبیر نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی معطلی کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر نمٹا دی ہے۔ عدالت نے ریمارکس میں استفسار کیا کہ تعیناتیوں میں بے قاعدگی پر نظرثانی کا اختیار سپریم کورٹ کو تو حاصل ہے لیکن ہائی کورٹ کو کیسے یہ اختیار حاصل ہے؟۔ کیا ہائیکورٹ کو اختیار حاصل ہے کہ وہ معطلی کے معاملے کو بھی دیکھے؟۔ جس پر درخواست گزار کے وکیل نے جواب دیا کہ عدالت اس معاملے کا جائزہ لے سکتی ہے۔ ایک وفاقی وزیر کے خلاف قانونی کارروائی کرنے پر سی سی پی او کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ دو حکومتوں کے معاملے میں ایک سول سرونٹ کے حقوق کا تحفظ ضروری ہے۔ وفاقی حکومت کے وکیل نے بتایا کہ سی سی پی او لاہور کو 3 دن میں رپورٹ کرنے کا کہا جس پر عمل نہیں ہوا۔ رپورٹ نہ کرنے پر ان کی معطلی کا حکم جاری کیا گیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے استفسار کیا کہ کیا معطلی کے حکم میں کوئی وجہ لکھی ہے؟۔ جس پر جسٹس مزمل اختر شبیر نے دوبارہ کہا عدالت کا سوال یہ ہے کہ ہائیکورٹ کو اس معاملے کی سماعت کا اختیار کیسے ہے؟۔