لاہور‘ ننکانہ صاحب (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار) بابا گورو نانک کے 553 ویں جنم دن کی تین روزہ تقریبات اختتام پذیر ہو گئیں۔ بھارت سمیت دنیا بھر سے ہزاروں سکھ یاتریوں اور ہندو افراد نے شرکت کی۔ پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے، پالکی جلوس نکالا گیا اور زبردست آتش بازی بھی کی گئی۔ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ حبیب الرحمن گیلانی نے یاتریوں کے لئے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے سکھ قوم کو جنم دن کی مبارک باد دیتے ہو ئے کہا کہ بابا جی کی تعلیمات قابل فخر ہیں۔ انہوں نے بھائی چارے اور امن کا درس دیا اور انسانیت کی تعظیم کی تعریف کی۔ حبیب الرحمن گیلانی نے بتایا پاکستان میں اقلیتیں محفوظ اور انہیں تمام مراعات حاصل ہیں۔ گورودواروں کی بہترین دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔ پردھان سردار امیر سنگھ نے کہا ہمیں پاکستانی ہونے پر فخر ہے، ہم یہاں محفوظ اور خوشحال ہیں، اقلیتوں کو جو عزت پاکستان میں ملتی ہے وہ کہیں اور نہیں۔ سردار گوپال سنگھ چاولہ نے بھارت کی جانب سبے اقلیتوں پر ظلم کی مذمت کی۔ تقریب سے سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شذرہ منصب اور ایم پی اے رامیش سنگھ اووڑا و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ پرمیت سنگھ، دل جیت سنگھ، من جیت سنگھ، ایڈیشنل سیکرٹری رانا شاہد سلیم، ستونت سنگھ، سیف اللہ کھو کھر، عامر ہاشمی، ایڈمنسٹریٹر شیخ محمد جاوید، علی رضا قادری، پرتاب سنگھ، ڈاکٹر سہیل رضا، رانا محمد عارف، منیر احمد بھٹی، ذیشان گورسی، شبیر احمد عثمانی سمیت ننکانہ صاحب کے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او و دیگر افسروں نے شرکت کی۔ ٹرسٹ بورڈ کی جانب سے پہلی مرتبہ مہمانوں کے لئے 50 سے زیادہ اقسام کے سٹالز لگائے گئے جن سے یاتریوں نے خریداری کرتے ہوئے اس اقدام کو سراہا اور یاتری حسن ابدال روانہ ہو گئے۔ گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب سے گورو گرنتھ کا عظیم الشان جلوس نکالا گیا‘ جلوس کے آگے پانچ سکھ نیلے رنگ کے کپڑے پہن کر پیلے جھنڈے اٹھا کر چل رہے تھے جبکہ ان کے پیچھے پانچ پیارے ننگی تلواریں سونت کر چل رہے تھے۔ اس موقع پر پھولوں سے لدی ہوئی ایک بس میں چاندی کی پالکی جس میں گورو گرنتھ رکھا ہوا تھا۔سکھ یاتریوں پر جگہ جگہ پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ مخیر سکھ یاتریوں کی طرف سے شرکاء جلوس میں پھل، مٹھائی اور جوس تقسیم کیا گیا۔ سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ احسن اقبال نے کہا کہ سکھ یاتریوں کے لیے بہت جلد ننکانہ صاحب اور کرتار پور کو موٹر وے کے ذریعے ملادیا جائے گا۔ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کے لئے پاکستان محفوظ ملک ہے۔ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ سید حبیب الرحمن گیلانی نے سکھ ورثہ کی حفاظت اور سکھ یاتریوں کی رہائشی سہولیات کی بہتری کے لیے 100نئے کمروں پر مشتمل نیا بلاک کی تعمیر، لائبریری اور میوزیم کے قیام کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ سکھوں اور ہندوؤں کے بچوں کا تعلیمی سکالرشپ ڈبل کر دیا جائے گا۔ پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار امیر سنگھ نے کہا کہ دنیا بھر سے آنے والی سب سنگتوں سے میری اپیل ہے بھارتی حکومت سے کرتار پور راستہ کے لیے پاسپورٹ کی شرائط نرم کرنے اور ویزا پالیسی کو آسان بنانے کے علاوہ گذشتہ تین سالوں سے واہگہ اٹاری ریل سروس کو بحال کرنے کا مطالبہ کرے۔ مہمانوں اور ضلعی انتطامیہ کی خدمت میں سکھ برادری کی طرف سے خصوصی سروپے پیش کیے گئے۔
پالکی جلوس